دھون کے مقام پر سنجو اور پرتھیوی شا ٹیم میں شامل

   

نئی دہلی۔22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اوپنر شکھر دھون کندھے کی چوٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی 20 اور تین میچوں کی ونڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں اور ان دونوں سیریز کے لئے بالترتیب سنجو سیمسن اور پرتھوی شاکو ہندوستانی ٹیموں میں جگہ دی گئی ہے۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز 24 جنوری کو شروع ہوگی۔ اس کے بعد تین ونڈے میچوں کی سیریز پانچ فروری سے شروع ہو گی۔ اس دورے کے لیے ویراٹ کوہلی کی قیادت والی ٹیم پیر کے دن ہی آکلینڈ روانہ ہو گئی ۔ شکھر کو آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز کے بنگلور میں آخری میچ کے دوران چوٹ لگ گئی تھی۔ شکھر ہندوستانی ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ کے دورے پر نہیں گئے ہیں۔ قومی سلیکٹروں نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹی20 سیریز میں دھون کی جگہ سیمسن اور ونڈے سیریز میں پرتھوی لیں گے۔ نوجوان اوپنر پرتھوی نے نیوزی لینڈ کے دورے میں نیوزی لینڈ الیون کے خلاف 50 اوور کے ونڈے پریکٹس میچ میں صرف 100 گیندوں پر 150 رنوں کی زبردست اننگز کھیلی ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پرتھوی رانجی ٹرافی میچ میں اپنا کندھا زخمی کر بیٹھے تھے اورکندھے کی چوٹ سے ابھرنے کے بعد وہ نیوزی لینڈ کے دورے پر ہندوستان اے ٹیم میں شامل ہوئے۔ دھون آسٹریلیا کے خلاف بنگلور میں آخری ون ڈے میچ کے دوران آرون فنچ کے شاٹ کو روکنے کی کوشش میں کندھے کے بل گر پڑے تھے۔ اس کے بعد وہ فوری طور پر میدان سے باہر چلے گئے اور ہندوستانی ٹیم کے ہدف کا تعاقب کرنے کے دوران بیٹنگ کرنے نہیں اترے۔ انہیں دوبارہ میچ کے دوران ہی ایکسرے کے لئے اسپتال لے جایا گیا۔ میچ کے بعد دھون کو ڈریسنگ روم میں کندھے پر پٹی باندھے دیکھا گیا تھا۔ اس میچ کو ہندستان نے جیت کر سریز 2-1 سے اپنے نام کر لی تھی۔ سنجو سیمسن اور پرتھوی شا ہندوستان اے ٹیم کے ساتھ اس وقت نیوزی لینڈ کے دورے پر ہیں جہاں ہندستان اے اور نیوزی لینڈ الیون کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جانی ہے۔ سیمسن ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبو کر چکے ہیں۔