حیدرآباد: روحانی علاج کے بہانے کم عمر لڑکے کے ساتھ بدفعلی کرنے والے ایک دھوکہ باز تانترک بابا کو یہاںکی ایک مقامی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی۔ کورٹ نے کم عمر لڑکے کی ماں کو بھی 10 سال کی سزا سنائی ۔ تفصیلات کے مطابق سال 2016 میں فیاض محمود انصاری ساکن حافظ بابا نگر نے ایک خاتون فرحانہ بیگم کے 12سالہ لڑکے کا روحانی علاج کرنے کے بہانے خاتون سے تعلقات قائم کرلئے تھے۔ محمود انصاری آئے دن خاتون کے مکان آیا کرتا تھا اور اس کے ساتھ کافی وقت گزارنے لگا۔اس بات کو غور کرنے کے بعد کم عمر لڑکے نے اعتراض کیا جس کے نتیجہ میں دھوکہ باز بابا نے لڑکے کے علاج کے بہانے اس کے ساتھ بھی بدفعلی کی اور اس کی ویڈیو گرافی بھی کی۔ لڑکے کے والد بیرون ملک سے واپس لوٹنے پر لڑکے نے اس بات سے واقف کروایا۔ والد نے فیاض محمود انصاری اور اپنی بیوی کے خلاف کنچن باغ پولیس سے شکایت درج کروایا اور پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیںگرفتار کرلیا۔ دونوں کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کی گئی تھی۔ کیس کی سماعت کے بعد نامپلی کورٹ کے فرسٹ ایڈیشنل سشنس جج نے فیاض محمود انصاری کو عمر قید اور خاتون کو 10 سال کی سزا سنائی۔