دھوکہ دہی سے شادی، فرضی آئی اے ایس عہدیدار اور اس کے رشتہ دار گرفتار

   

حیدرآباد۔/10 جولائی، ( سیاست نیوز) دھوکہ دہی سے شادی کرنے والے فرضی آئی اے ایس عہدیدار شوہر اور اس کے رشتہ داروں کو خاتون نے گرفتار کروادیا جبکہ دھوکہ باز نند مفرور بتائی گئی ہے۔ باچو پلی پولیس نے 34 سالہ خاتون شراونی کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے اس کے شوہر38 سالہ سندیپ کمار، 70 سالہ خسر وجئے کمار ریٹائرڈ سرکاری ملازم اور 59 سالہ ساس این مالتی ساکنان کھمم کوگرفتار کرلیا جبکہ 35 سالہ لکشمی ساہتی مفرور بتائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق سندیپ نے فرضی دستاویزات کے ذریعہ خود کو ایم ڈی کارڈیالوجی ظاہر کیا اور آئی اے ایس عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے منصوبہ تیار کیا۔ سندیپ نے خود کو آئی اے ایس عہدیدار اور کرناٹک کیڈر منظور ہونے کا جھوٹا دعویٰ کرتے ہوئے شکایت گذار خاتون شراونی کے افراد خاندان کو یقین دلایا۔ سال 2018 میں اس نے فرضی پروفائیل کے ذریعہ شادی کا رشتہ تلاش کیا اور اس کی باتوں پر یقین کرتے ہوئے شراونی سے اس کی شادی ہوئی۔ شادی کے بعد سال 2020 میں سندیپ نے شراونی سے کہا کہ اس کے 40 کروڑ روپئے کی رقم بینک لاکرس میں محفوظ ہے اور ٹیکس ادا نہ کرنے کے سبب وہ رقم حاصل نہیں کی جاسکتی لہذا 2 کروڑ روپئے کی ضرورت ہے۔ شراونی نے اپنے افراد خاندان کی مدد سے 2 کروڑ روپئے شوہر کے حوالے کئے اور اس نے دھوکہ دیا۔ حقیقت کا علم ہونے کے بعد خاتون نے پولیس میں شکایت کردی اور پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ع