دھوکہ دہی سے متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے میں کوئی کمی نہیں ہوگی

   

Ferty9 Clinic

کے ٹی آر کا دورہ اور خواتین کی ملاقات معاملہ پر ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا تیقن

محبوب نگر : مستقر محبوب نگر کے ویرنا پیٹھ کے دھوکہ دہی سے متاثر خاندان کو انصاف دلانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی ۔ ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے یہ تیقن متاثرہ خاندان کے افراد کو دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے حالیہ دورہ محبوب نگر کے دوران جب کہ وہ ویرنا پیٹھ علاقہ میں ڈبل بیڈرومس کا افتتاح کرنے جارہے تھے ۔ چند خواتین نے ان کے قافلہ کو روک کر اپنی فریاد سنانے کوشاں تھے یکن پولیس نے پوری سختی کے ساتھ ان خواتین کو وہاں سے ہٹادیا تھا اور یہ مسئلہ عوامی حلقوں میں موضوع بحث بنا ہوا تھا ۔ ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے ان افراد خاندان کو طلب کر کے انصاف کا تیقن دیا ۔ جی وینکٹیش جو کہ ویرنا پیٹھ کا ساکن ہے کے افراد خاندان کو ضلع کلکٹر نے پہلے ہی ڈی ایس پی سریدھر اور تحصیلدار کی موجودگی میں طلب کیا ۔ ریاستی وزیر نے ڈی ایس پی کو پابند کیا کہ جس شخص نے وینکٹیش کے ارکان خاندان کو زمین فروخت کی ہے اسی زمین کو اس نے دوسروں کو بھی فروخت کی ہے ۔ لہذا اس پر دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کریں اور مذکورہ اراضی متاثرین کے حوالے کی جائے ۔ ریاستی وزیر نے متاثرین کو ڈھارس بندھائی اور تیقن دیا کہ ہر حال میں انہیں انصاف دلایا جائے گا اور انہیں تحفظ فراہم کیا جائے گا ۔ اس تعلق سے ضلع کلکٹر کو ضروری احکامات دیئے ۔