دھوکہ دہی میں ملوث شاطر دھوکہ باز گرفتار

   

جعلسازی کے ذریعہ ایک کروڑ 22 لاکھ روپئے لوٹ لینے کا الزام

حیدرآباد۔/22 مارچ، ( سیاست نیوز) سائبر کرائم حیدرآباد نے انفورسمنٹ دھوکہ دہی معاملہ میں ملوث ایک شاطر دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا جس نے شہر کے متاثرہ شکایت گذار شخص کو اپنی جعلسازی کا شکار بناکر ایک کروڑ 22 لاکھ سے زائد رقم لوٹ لی۔ سائبر کرائم حیدرآباد پولیس نے شکایت کے بعد کارروائی کرتے ہوئے 38 سالہ انکیت ارورا ساکن اتر پردیش کو گرفتارکرلیا جو ملک کے مختلف مقامات پر 29 مقدمات میں ملوث بتایا گیا ہے۔ سکندرآباد علاقہ کے ساکن شکایت گذارشخص سے اس نے انسٹا گرام کے ذریعہ رابطہ کیا اور اسٹاک کی خرید و فروخت کے ٹپس بتانے اورسرمایہ کاری کے ذریعہ بڑی رقم کا لالچ دیا۔ ان دونوں کے درمیان بات چیت اور رابطہ جاری تھا۔ اس دوران دھوکہ بازوں نے زائد منافع کا لالچ دے کر اپنے ذریعہ سرمایہ کاری کی ترغیب دی اور شکایت گذار ان کے جال میں پھنس گیا۔ ایک کروڑ 22 لاکھ 82 ہزار 120 روپئے سرمایہ کرنے کے بعد اس شخص کو منافع ان کی دھوکہ باز سائٹ پر بتایا گیا لیکن ساتھ ہی رقم نکالنے کی کوئی سہولت نہیں دی بلکہ اس بات سے دھمکایا گیا کہ وہ مزید رقم کا سرمایہ کرے اور ان کے دیئے گئے اکاؤنٹس میں رقم جمع کرے بصورت دیگر آئی ڈی بلاک کرنے اور اکاونٹ کو بند کردیا جائے گا۔ اس بات سے پریشان شخص نے سائبر کرائم میں شکایت درج کرائی۔ پولیس سائبر کرائم کا کہنا ہے کہ اس معاملہ میں انکیت ارورا کے علاوہ اصل سرغنہ دیپک کمار ہے جو فرار ہے۔ انکیت اکاؤنٹ ہولڈر ہے اور اس نے دھوکہ بازوں کو کئی اکاؤنٹس فراہم کئے۔ انکیت دھوکہ بازوں کو بینک اکاؤنٹس کمیشن کی بنیاد پر سربراہ کرتا تھا۔ دیپک کمار کی تھائی لینڈ میں موجودگی کا پولیس نے پتہ لگالیا اور اس کی گرفتاری کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ع