کلیدی ملزم محمد سلطان مفرور، ڈی سی پی سنیل دت کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 19 اکٹوبر (سیاست نیوز) دھوکہ دہی کے ذریعہ نقد رقم لیکر فرار ہونے والے دو دھوکے بازوں کو پولیس افضل گنج نے گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے مسروقہ رقم اور دیگر اشیاء برآمد کرلی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون ای سنیل دت نے بتایا کہ 3 اکٹوبر کو سونے چاندی کا تاجر اشوک بنسل اپنے ساتھی محمد سلطان کے ہمراہ سونا خریدنے کیلئے گولی گوڑہ پہنچا تھا اور نقد رقم کا بیاگ گاڑی پر رکھ کر سلطان کو اس کی ذمہ داری دی تھی لیکن سلطان نے نیت خراب کرکے وہ نقد رقم کے بیاگ کے ساتھ فرار ہوگیا۔ پولیس افضل گنج نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور یہ پتہ لگایا کہ اس دھوکہ دہی کے معاملہ میں محمد سلطان ہی نہیں بلکہ اس کے 4 دیگر ساتھی محمد سرفراز خان، محمد عمران خان، شیخ مبین اور محمد شعیب بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سلطان نے ایک منصوبہ بند طریقہ سے دھوکہ دہی کی واردات انجام دی اور نقد رقم کا بیاگ لیکر فرار ہونے میں اس کے مذکورہ ساتھیوں نے مدد کی تھی۔ ملزمین نے رقم کا سرقہ کرنے کے فوری بعد ممبئی، دہلی، جموں کشمیر اور پنجاب فرار ہوگئے تھے اور کل ہی شہر پہنچے تھے۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر افضل گنج پولیس نے ملزمین کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 28 لاکھ نقد رقم، ایک موٹر سائیکل اور موبائیل فون اور ایک چاقو بھی برآمد کرلیا۔ اس کیس میں کلیدی ملزم محمد سلطان ہنوز مفرور ہے۔ب