اترپردیش میں فون کال کے ذریعہ دھوکہ دہی کے واقعات کے بعد انتباہ
نئی دہلی : حکومت نے تمام لوگوں کو متنبہ کیا ہیکہ آدھار کارڈ نمبر، ون ٹائم پاسورڈ (او ٹی پی) اور بینک کھاتے کی تفصیلات وغیرہ کسی بھی اجنبی کو نہ بتائیں کیونکہ ان کے ذریعہ ہائی ٹیک دھوکے باز لوگوں کی رقومات ہڑپ رہے ہیں۔ اترپردیش میں محکمہ صحت نے عوام کو چوکس کیا ہیکہ اس طرح کے دھوکے باز کوویڈ۔19 کے تدارک کیلئے ویکسین لینے کے رجسٹریشن کا بہانہ بنا کر ان سے آدھار کارڈ نمبر اور دیگر معلومات حاصل کررہے ہیں ۔ کئی بھولے بھالے لوگ جھانسے میں آچکے ہیں۔ گورکھپور ضلع کے اعلیٰ طبی عہدیدار کے حوالہ سے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت یوپی ایک منصوبہ پر غور کررہی ہے تاکہ عوام الناس کو وبا کے تعلق سے نہ صرف معتبر معلومات دی جاسکیں بلکہ اس کی آڑ میں دھوکہ بازوں کی سرگرمیوں کو ناکام بنایا جائے۔ گورکھپور سی ایم او ڈاکٹر سریکانت تیواری نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ دھوکہ بازوں نے خود کو ریاستی محکمہ صحت کے عہدیدار بتاتے ہوئے لوگوں کو جھانسہ دینے کی کوششیں کی ہیں جن میں انہیں کہیں کہیں کامیابی ملی۔اس طرح کے فون کالس ہندوستان بھر میں نیا مسئلہ بن کر ابھر رہے ہیں۔ کئی ریاستوں میں دھوکے باز افراد اپنی سرگرمیاں چلا رہے ہیں۔ کئی معاملوں میں بیرون ریاست سے یہ ریاکٹ چلایا جاتا ہے۔ اس سلسلہ میں متعدد گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔