ریاض : نائیجیرین سیامی بچیاں ’حسانہ اورحسینہ‘ کا طویل ترین آپریشن کامیاب رہا۔ نچلے دھڑ سے جڑی ہوئی دونوں بچیوں کو طویل آپریشن کے بعد جدا کردیا گیا۔سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اورولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے شاہ سلمان امدادی مرکز برائے انسانی فلاح وبہبود کے تحت طبی ٹیم نے سیامی بچیوں کو جدا کرنے کا آپریشن کیا جو14 گھنٹے پرمحیط تھا۔طویل ترین آپریشن میں 85 رکنی طبی ٹیم نے شرکت کی جس میں 36 ڈاکٹروں اوردیگرعملہ شامل تھا۔ شاہ سلمان مرکز برائے امداد کے نگران اعلی اورایوان شاہی کے مشیرڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے بتایا کہ مرکز کے تحت اب تک 55 سیامی بچوں کا کامیابی سے آپریشن کیا جاچکا ہے جبکہ مذکورہ کیس 56 واں ہے۔