اسلام آباد: پاکستان فوج کی اعلیٰ قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ معاشی ترقی، استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں رکاوٹ بننے والی تمام غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے میں حکومت کی ’’دل کھول کر‘‘ مدد کی جائے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس عزم کا اظہار جمعرات کو جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راول پنڈی میں 259 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں کیا گیا۔شرکاء نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی چھتری تلے سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے جاری کوششوں میں فوجی قیادت کی ‘مکمل حمایت’ کا اعادہ کیا۔کورکمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں سے ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔کانفرنس میں ملک کی موجودہ سکیورٹی کی صورت حال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کیلئے مذموم پروپیگنڈا کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا اور انشاء اللہ ایسے عناصر مزید رسوائی کا شکار ہوں گے۔