دہشت گردوں سے مفاہمت ناممکن : منموہن سنگھ

   

نئی دہلی 15 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے پلوامہ دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے آج کہاکہ ہندوستان کبھی بھی دہشت گرد قوتوں سے کوئی مفاہمت نہیں کرے گا۔ اس لعنت کے خلاف متحدہ طور پر مقابلہ کرے گا۔ منموہن سنگھ نے اپنی پارٹی کے صدر راہول گاندھی اور دیگر سینئر قائدین غلام نبی آزاد اور اے کے انٹونی کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فی الوقت ترجیح یہی ہے کہ اس دہشت گرد حملے میں ہلاک سپاہیوں کے غمزدہ افراد خاندان سے اظہار تعزیت اور زخمیوں سے اظہار ہمدردی کی جائے۔ انھوں نے مزید کہاکہ ’دہشت گرد فورسیس سے ہم کبھی کوئی مفاہمت نہیں کرسکتے۔ ملک کو جس کسی کی ضرورت ہوگی ہم ایک متحدہ قوم کی حیثیت سے دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے لئے کام کریں گے۔ منموہن سنگھ نے کہاکہ دہشت گردی ایک بدترین لعنت ہے اور ایک ایسا مسئلہ ہے جس پر ہندوستان کبھی کوئی مفاہمت نہیں کرسکتا۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہاکہ جیسا کہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی بھی کہہ چکے ہیں، آج کا دن حساس مسائل اُٹھانے کا نہیں ہے بلکہ آج ہمارا رول اپنے سپاہیوں اور انکے خاندانوں کو دلی تعزیت پیش کرنے کا ہے۔ بہرحال دہشت گردی کیخلاف کئے جانے والے تمام اقدامات کی مدد و حمایت میں ملک کو متحدہ رکھنے کیلئے جو کچھ بھی ضروری ہوگا ہم وہ سب کچھ کریں گے۔