جموں: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دہشت گردی کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر میں کسی پتھر باز یا دہشت گرد کو رہا نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پاکستان کے ساتھ مذاکرات بھی نہیں ہونگے ۔کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے انتخانی منشوروں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جماعتیں جموں وکشمیر میں پرانے سسٹم کو واپس لانا چاہتی ہیں۔ان باتوں کا اظہار وزیر داخلہ نے نوشہرہ میں چناوی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔امیت شاہ نے کہا کہ این سی کانگریس اتحاد نے اپنے الیکشن منشور میں جیلوں میں بند پڑے دہشت گردوں اور پتھر بازوں کو رہا کرنے کا وعدہ کیا ہے لیکن اس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے الزام لگایا کہ فاروق عبداللہ جموں کے پہاڑی علاقوں میں دہشت گردی کی احیا ئکی باتیں کررہا ہے لیکن میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مودی جی کی حکومت میں دہشت گردی کو زمین کے اندر دفن کرکے ہی دم لیں گے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سنگبازوں اور دہشت گردوں کو جیلوں سے رہا کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا :‘نیشنل کانفرنس اور کانگریس پاکستان کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کی وکالت کر رہی ہیں۔ ’ امیت شاہ نے کہا :‘میں فاروق عبداللہ اور راہول گاندھی کو بتانا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کے خاتمے تک پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔’انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کے ساتھ بات چیت ہو سکتی ہے تاہم پاکستان کے ساتھ نہیں۔