اندرا گاندھی نے امریکی دباؤ کو مسترد کردیا تھا، آنجہانی راجیو گاندھی کی برسی ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت نے پہلگام حملہ کے ذمہ دار دہشت گردوں کو سبق سکھانے کا موقع گنوادیا اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دباؤ کو قبول کرتے ہوئے جنگ بندی کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر نے آج سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی برسی کے موقع پر پنجہ گٹہ چوراہے پر آنجہانی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے پہلگام واقعہ کا حوالہ دیا اور کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر تمام پارٹیوں نے مرکزی حکومت کی تائید کی تھی۔ باوجود اس کے مرکزی حکومت نے پاکستان اور دہشت گردوں کو سبق سکھانے کا بہترین موقع گنوادیا ہے۔ انہوں نے امریکی صدر کی دھمکی کے آگے گھٹنے ٹیکنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ امریکی صدر نے تجارت بند کرنے کی دھمکی دی جسے قبول کرلیا گیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جنگ بندی کا اعلان ٹرمپ کے دباؤ کے آگے جھکنے کے مترادف ہے اور عوام یہ سوچنے پر مجبور ہوچکے ہیں کہ مرکز نے امریکی صدر کے دباؤ کو قبول کرلیا ہے ۔ اس سلسلہ میں مودی حکومت کو عوام سے وضاحت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی جاتی تو دنیا بھر میں استقبال کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی دونوں نے ملک کی سالمیت کے لئے اپنی جانوں کو قربان کردیا ۔ اندرا گاندھی نے پاکستان کو سبق سکھایا اور اسے دو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی تشکیل کی راہ ہموار کی تھی ۔ ملک کے موجودہ حالات میں اندرا گاندھی ہر کسی کو یاد آرہی ہیں جنہوں نے پاکستان کے خلاف کارروائی کے موقع پر اس وقت کے امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا۔ اندرا گاندھی نے کہا تھا کہ ہمیں کسی کی ثالثی کی ضرورت نہیں ہے اور ہندوستان کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس قائدین ملکارجن کھرگے ، راہول گاندھی اور سونیا گاندھی نے ہندوستانی فوج کے حوصلوں کو بلند کیا اور مرکز کی مکمل تائید کی۔ باوجود اس کے ہندوستان نے ایک موقع گنوا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے رائے دہی کے لئے عمر کی حد کو 21 سال سے گھٹاکر 18 سال کرتے ہوئے حکومت سازی میں نوجوانوں کے رول میں اضافہ کیا ہے۔ ملک کی ترقی میں راجیو گاندھی کا اہم رول رہا۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی پر تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ راہول گاندھی کے خلاف بیان بازی کرنے والے کشن ریڈی اس وقت کہاں تھے جب حیدرآباد میں ترنگا ریالی کا حکومت نے اہتمام کیا تھا۔ ملک میں سب سے پہلے تلنگانہ حکومت نے ترنگا ریالی کے ذریعہ ہندوستانی افواج کے حوصلوں کو بلند کیا۔ اس وقت کشن ریڈی گھر میں آرام کر رہے تھے۔ انہوں نے کشن ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ راہول گاندھی کے خلاف بیان بازی بند کرتے ہوئے دہشت گردوں کو سبق سکھانے کی فکر کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ہر کسی کو راجیو گاندھی کو خراج پیش کرنا چاہئے ۔ ہندوستان موجودہ حالات میں اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کو یاد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارا ملک ہندوستانی افواج کے ساتھ اظہار یگانگت کرتا ہے۔ اس موقع پر صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، سکریٹری اے آئی سی سی وشواناتھ ، سابق وزیر داخلہ جانا ریڈی، میئر حیدرآباد وجیہ لکشمی ، وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو ، رکن اسمبلی ڈی ناگیندر ، رکن اسمبلی راج ٹھاکر ، رکن قانون ساز کونسل بی وینکٹ ، صدرنشین ٹمریز فہیم قریشی ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، صدر ضلع کانگریس خیریت آباد روہن ریڈی ، سابق کارپوریٹر وجیا ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ 1