دہشت گردوں کو گھر میں گھس کر مارا جائے گا:جاؤڈیکر

   

جے پور،8اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر نے پاکستان کا نام لیے بغیر آج کہا کہ ہندوستان میں دہشت گردی کرنے و الوں کو ہندوستان ان کے گھر میں گھس کر مارے گا۔ مسٹر جاؤڈیکر نے آج یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے نومنتخب ریاستی صدر ستیش پونیا کے عہدہ سنبھالنے کے موقع پر منعقد پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے بالاکوٹ میں سرجیکل اسٹرائک کرکے یہ ثابت کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیردفاع راجناتھ سنگھ آج فرانس جارہے ہیں جہاں دنیا کی سب سے زیادہ ہائی ٹیک جنگی طیارہ رافیل کی پوجا کرنے کے بعد اسے ہندوستان لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رافیل طیارہ آ جانے کے بعد ہندوستان کی فوجی قوت میں اضافہ ہوگا۔ مسٹر جاؤڈیکر نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی واحد سیاسی جماعت جس میں وراثت اور معاشی استعداد کی بنیاد پر نہیں بلکہ محنت، صلاحیت اور لگن کی بنیاد پر کارکن عہدیدار بن سکتا ہے ۔