دہشت گردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے پاکستان پر ایران کا دباؤ

   

تہران 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایرانی صدر حسن روحانی نے ہفتے کے روز پاکستان سے مطالبہ کیا کہ شدت پسند گروہ کے خلاف ’’فیصلہ کْن‘‘کارروائی کی جائے، جو سرحدی علاقے میں مہلک خودکش حملے میں ملوث ہے۔ اْنھوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کارروائی نہ کرنے کے نتیجے میں دونوں ہمسایہ ملکوں کے مابین تعلقات بگڑ سکتے ہیں۔ ایران کی سرکاری سرپرستی میں کام کرنے والے خبر رساں ادارے، ارنا نے کہا ہے کہ روحانی کا یہ بیان اْس وقت سامنے آیا جب ٹیلی فون پر پاکستانی وزیر اعظم عمران خان سے گفتگو ہو رہی تھی۔ ارنا کے مطابق، عمران خان نے کہا کہ ایران بہت جلد ایک ”خوش خبری” سنے گا۔ وسط فروری میں ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں ایک خودکش نے بم حملہ کیا جس میں ایران کے پیشہ ورانہ تربیت یافتہ انقلابی محافظین کے 27 ارکان ہلاک ہوئے؛ جہاں سیکورٹی افواج کو ملک کی اقلیتی سنی آبادی کی طرف سے شدت پسند حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ سنی گروپ ‘جیش العدل’ (انصاف کی فوج) کا کہنا ہے کہ وہ بلوچ نسل کی اقلیت کے لیے وسیع تر حقوق اور زندگی بسر کرنے کے بہتر حالات کا حصول چاہتا ہے۔