دہشت گردوں کے نام پر دھمکاکر رقم وصول کرنے کی کوشش

   

جیویلری شاپ منیجر گرفتار ، ایم جی بی ایس میں ملزم کے خلاف کارروائی
حیدرآباد ۔ 11 اکٹوبر ۔ ( سیاست نیوز) دہشت گردوں کے نام پر دھمکاکر رقم وصول کرنے کی سازش کرنے والے ایک شخص کو کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 42 سالہ جی ایس ایس پرساد راؤ ساکن وائزاگ کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ للیتا جویلرس تروپتی شاخ میں اسٹیٹ برانچ منیجر کے عہدے پر فائز پرساد نے رقم کی کمی کو پورا کرنے کی خاطر اپنے ساتھی رام گوپال ریڈی کی بیوی کو دھمکایا تھا اور اردو اور انگلش کے دھمکی آمیز خط روانہ کرتے ہوئے رقمی مطالبہ کیا اور عدم ادائیگی پر اس نے شکایت گذار کی 12 سالہ لڑکی کا قتل کرنے اور اس کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی خطرناک دھمکی دی۔ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن پہونچکر اس نے ایک شخص سے اپنی مجبوری ظاہر کی اور اس اجنبی کا موبائیل فون حاصل کرتے ہوئے اس سے رام گوپال ریڈی کو دھمکی آمیز ایس ایم ایس دیا اور اسے ہدایت دی کہ وہ اسکولی بیاگ میں 30 لاکھ روپئے رکھ کر چارمینار ایکسپریس کے کوچ میں سیٹ نمبر 8پر رکھ دے ۔ جس کے بعد ایک اور ایس ایم ایس نارائن دری ایکسپریس کے کوچ نمبر ایک اور سیٹ نمبر 44 پر رکھ دینے کی ہدایت دی ۔ پولیس نے شکایت گذار کی اطلاع کے بعد ایم جی بی ایس کے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی اور پرساد کو دبوچ لیا۔ شکایت گذار خاتون کا شوہر اور خاطی دونوں آپس میں ساتھی تھے ۔ سوماجی گوڑہ کی برانچ پر دونوں نے تین سال ایک ساتھ کام کیا تھا اور اس دوران دوستی میں ایک دوسرے کے مسائل سے انھیں آگہی تھی ۔ اس دوران گرفتار شخص پرساد راؤ شدید مالی پریشانیوں میں گھرگیا اور اس نے سازش تیار کرتے ہوئے اپنے دوست کو لوٹنا چاہا ۔ پولیس نے اُسے گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دیدیا ۔