دہشت گردوں کے ہاتھوں نیوکلیئر ہتھیار لگنے کا خطرہ : ہندوستان

   

اقوام متحدہ : ہندوستان نے خبردار کیا کہ دہشت گردوں کے ہاتھوں میں اگر کیمیائی ہتھیار اور وسیع تباہی کے نیوکلیئر اسلحہ آجائیں تو یہ دنیا کیلئے خطرہ ہوگا۔ شام میں داعش دہشت گرد گروپ کے دوبارہ سرگرم ہونے کی اطلاعات کے درمیان ہندوستان نے تشویش ظاہر کی کہ اگر ان تنظیموں کے ہاتھوں میں وسیع تباہی والے ہتھیار پہنچ جائیں تو یہ خطرناک ہوگا۔ سلامتی کونسل میں ہندوستان کے ڈپٹی مستقل نمائندہ آر رویندرا نے کہا کہ دہشت گرد گروپس شام میں ایک دہے سے پیشرفت کررہے ہیں۔ ان کا طاقتور ہونا سب کیلئے خطرناک ہے۔ ہندوستان نے کہا کہ 2013ء میں جو قرارداد منظور کی گئی تھی، اس میں کہا گیا تھا کہ دہشت گرد گروپ کو وسیع تباہی والے ہتھیاروں تک رسائی حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، لیکن یہ دنیا دہشت گردوں سے چھٹکارہ نہیں پاسکی۔ اقوام متحدہ کے اعلیٰ نمائندہ برائے ہتھیاروں سے پاک اُمور نے بھی اس قرارداد پر عمل آوری کیلئے زور دیا۔