دہشت گردی اور کرپشن کا خاتمہ حکومت کا مقصد : وزیر اعظم نریندر مودی

,

   

مسلم خواتین کے حقوق کیلئے جدوجہد کی جائیگی ۔ جموں و کشمیر و لداخ کی ترقی کا عزم ۔ جھارکھنڈ میں خطاب

رانچی 12 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندرمودی نے آج یہ واضح کیا کہ ان کی حکومت نے این ڈی اے کی دوسری معیاد کے ابتدائی 100 دنوں میں کرپشن کے خاتمہ ‘ ترقی کو یقینی بنانے اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے جھارکھنڈ میں کئی ترقیاتی پراجیکٹس کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے جھارکھنڈ اسمبلی کی نئی عمارت کا بھی افتتاح انجام دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ غریبوں اور قبائلی عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے فائدہ کی بڑی اسکیمات کی شروعات کا مرکز بن رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عہد ہے کہ ہم کرپشن کو ختم کرینگے ۔ مسلم خواتین کے حقوق کیلئے جدوجہد کرینگے اور دہشت گردی کا خاتمہ عمل میں لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ کرپٹ افراد کو پہلے ہی ان کے مقام ( جیل ) کو پہونچا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے یہاں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ کچھ ایجنسیوں کی جانب سے بڑے رتبہ کے حامل افراد کے خلاف کی گئی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ خود کو قانون اور ملک کی عدالتوں سے بھی بالاتر سمجھتے تھے اب وہی لوگ ضمانت کیلئے عدالتوں کے چکر لگانے پر مجبور کردئے گئے ہیں۔ دو نئے تشکیل دئے گئے مرکزی زیر انتظام علاقوں کے تعلق سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا مقصد جموں و کشمیر اور لداخ کی ترقی کو یقینی بنانا ہے ۔

اس کیلئے ہم نے این ڈی اے حکومت کی دوسری معیاد کے ابتدائی 100 دنوں ہی میں اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ جھارکھنڈ میں کئی ترقیاتی پراجیکٹس کا افتتاح کرنے کیلئے یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں جو ملٹی ماڈل کارگو ٹرمنل قائم کیا گیا ہے وہ اس علاقہ میں حمل و نقل میں سہولتیں فراہم کرنے کا باعث ہوگا ۔ اس ٹرمنل کا آج افتتاح انجام دیا گیا ۔ وزیر اعظم نے واضح کیا کہ بی جے پی حکومت کیلئے ترقی ہی ترجیحی ایجنڈہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی 100 دنوں میں حکومت نے جو کام کئے ہیں وہ صرف شروعات ہیں اور ابھی بہت کچھ کیا جانا باقی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح یہ ہے کہ ملک کے ہر گھر تک پینے کا پانی فراہم کیا جائے ۔ ہماری ترجیح یہ ہے کہ مسلم خواتین کے حقوق کیلئے جدوجہد کی جائے ۔ ہم نے اپنے ابتدائی 100 میںاہم فیصلے کئے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف سخت گیر قانون کو منظوری دلائی ہے ۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ کو نئی بلندیاں فراہم کی جائیں ۔ اسی لئے ہم نے ایسا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے جھارکھنڈ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی ہیلت انشورنس اسکیم آیوشمان بھارت کا بھی جھارکھنڈ سے آغاز ہوا تھا اور آج تاجروں اور کسانوں کیلئے پنشن اسکیم کا بھی اسی سرزمین سے آغاز کیا جا رہا ہے ۔ جھارکھنڈ بڑی فلاحی اسکیمات کے آغاز کا مرکز بن گیا ہے اور ان اسکیمات سے ملک کے غریبوں اور قبائلی عوام کو راحت مل رہی ہے ۔