۔10برسوں میں 2.25 لاکھ افراد کی موت ،تجارت کو بالواسطہ شدید نقصان
برکس کا گیارہواں چوٹی اجلاس ۔افتتاحی سیشن سے وزیراعظم نریندر مودی کا خطاب
برازیلیا ۔ 14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ دہشت گردی عالمی معیشت کو ایک ٹریلین کا نقصان ہوا اور دہشت گردی کے باعث ایسا ماحول پیدا ہوا جس سے بالواسطہ تجارت اور کاروبار کو شدید نقصان پہنچا۔ برکس کے گیارہویں چوٹی اجلاس میں ابتدائی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ دہشت گردی ترقی، امن اور خوشحالی کیلئے بہت بڑا خطرہ بن کر ابھری ہے۔ بعض تخمینہ جات کے مطابق ترقی پذیر ملکوں کی معاشی ترقی میں دہشت گردی کے باعث1.5 فیصد کمی آئی ہے۔ گذشتہ 10 برسوں کے دوران دہشت گردی کے نتیجہ میں 2.25 لاکھ افراد کی زندگیاں ضائع ہوچکی ہیں جبکہ سماج کو بھی بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی سے جو ماحول پیدا ہوا ہے اس میں دہشت گردوں کو مالیہ کی فراہمی، منشیات کی اسمگلنگ اور منظم جرائم میں اضافہ ہوا جس سے تجارت اور کاروبار کو بالواسطہ بڑا نقصان پہنچا ہے۔ نریندر مودی نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ برکس کا پہلا سمینار دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی پر غور کیلئے منعقد کیا گیا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پانچ ورکنگ گروپس کی یہ کوششیں اور سرگرمیاں دہشت گردی اور منظم جرائم کے خلاف برکس سیکوریٹی تعاون میں اضافہ کا باعث ہوں گی۔ نریندر مودی نے کہا کہ شہری علاقوں میں مستحکم آبی انتظامیہ اور سینیٹیشن اہم چیلنجس ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ برکس ممالک کے آبی وسائل کے وزراء کا پہلا اجلاس ہندوستان میں منعقد کیا جائے۔ وزیراعظم نے بتایاکہ حال ہی میں ’’فٹ انڈیا موومنٹ‘‘ شروع کیا گیا ہے اور وہ فٹنس اور صحت کے شعبوں میں برکس کے ساتھ روابط میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ مودی نے باہمی تجارت پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ برکس ممالک کے درمیان تجارت عالمی تجارت کا 15 فیصد ہے جبکہ ان ممالک کے مجموعی آبادی دنیا کی آبادی کا 40 فیصد ہے۔ انہوں نے آئندہ 10 برسوں کے دوران مؤثر طور پر باہمی تعاون میں اضافہ کے امکانات پر مذاکرات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی شعبوں میں کامیابی کے باوجود اب بھی بعض شعبوں میں کوششوں میں اضافہ کی قابل لحاظ گنجائش موجود ہے۔ نریندر مودی نے برکس کے موقع پر برازیل کے صدر جیر بولسونارو سے ملاقات کی اور انہیں آئندہ سال ہندوستان کی یوم جمہوریہ کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی انہیں دعوت دی جس کو برازیل کے صدر نے قبول کرلیا۔ دونوں قائدین نے اس موقع پر مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔