دہشت گردی پر کوئی مفاہمت نہیں : امیت شاہ

   

نئی دہلی 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیرداخلہ امیت شاہ نے آج لوک سبھا میں ادعا کیاکہ مودی حکومت دہشت گردی کو ہرگز برداشت نہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اِس کا نظریہ سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے۔ جموں و کشمیر میں صدر راج میں توسیع کے لئے لوک سبھا کی منظوری کی استدعا کے لئے داخل کردہ قانونی قرارداد پر جواب دیتے ہوئے امیت شاہ نے کہاکہ حکومت نے سرحدی ریاست میں سکیورٹی کے ڈھانچے کو جدید بنانے کی خاطر 2,307 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔ کانگریس اور ماضی کے وزیراعظم جواہرلال نہرو پر تنقید کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہاکہ جموں و کشمیر کا ایک تہائی حصہ ہندوستان کے ساتھ نہیں ہے، اِس کے لئے کون ذمہ دار ہے؟ جس پر کانگریس ارکان کی طرف سے شدید ردعمل ظاہر کیا گیا۔ ایوان میں امیت شاہ کی جانب سے نہرو کا نام لئے جانے پر کارروائی میں خلل اندازی دیکھنے میں آئی۔