دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ترکیہ کیساتھ ہیں: پاکستان

   

انقرہ؍ اسلام آباد: ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پارلیمنٹ کے قریب ہونے خودکش حملہ میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ دونوں دہشت گردہلاک ہوگئے جن میں سے ایک نے خود کو دھماکے سے اڑایا جبکہ دوسرافائرنگ سے ماراگیا۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ترک وزارت داخلہ نے دہشت گرد حملہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے قریب ہونے والا دھماکا ایک دہشت گردانہ حملہ تھا جس میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔ وزارت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ دو دہشت گرد فوجی گاڑی میں صبح 9 بج کر30 منٹ کے قریب وزارت داخلہ کے جنرل ڈائرکٹوریٹ آف سیکوریٹی کے داخلی دروازے کے سامنے پہنچے اور بم حملہ کیا۔ ترکیہ کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک حملہ آور نے وزارت کی عمارت کے سامنے خود کو دھماکے سے اڑا لیا اور دوسرے حملہ آور کو غیر موثر کردیا گیا۔پاکستان نے ترکیہ میں دہشت گرد حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گھناؤنے حملہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں، پاکستان دہشت گردی کی لعنت کیخلاف جنگ میں ترکیہ کیساتھ کھڑا ہے۔