دہشت گردی کیخلاف مہم میں سکیورٹی فورسیس کو مکمل آزادی

   

جموں و کشمیر شمال مشرق میں عسکریت پسندی میں کمی : کووند
نئی دہلی 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے جمعہ کو کہاکہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کے لئے سکیورٹی فورسیس کو کھلی چھوٹ اور مکمل اختیار دیا ہے۔ صدر کووند نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے مشترکہ خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہاکہ شمال مشرق میں جموں و کشمیر عسکریت پسندوں کے تشدد اور دیگر مقامات پر نکسلائیٹ سرگرمیوں میں کمی ہوئی ہے۔ صدر کووند نے ایک گھنٹہ طویل خطاب میں مزید کہاکہ ’دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کے لئے سکیورٹی فورسیس کو میری حکومت مکمل آزادی اور اختیارات دی ہے‘‘۔ کووند نے کہاکہ ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کے لئے مرکزی حکومت پورے عزم کے ساتھ کام کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ’دہشت گردوں کی بدلتی نوعیت کے درمیان شہریوں کی چوکسی کافی معاون ثابت ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر میں دہشت گرد سرگرمیوں میں کمی سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں عوام کا تعاون انتہائی مؤثر ہوتا ہے‘۔