بھیما۔کوریگاؤں کیس میں این آئی اے کا حیرت انگیز دعویٰ
ممبئی:قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے) نے ایک حیران کرنے والا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھیما۔کوریگاوں اور ایلگر پریشد معاملوں کے ملزمین نے مبینہ طور پر مہاراشٹر اور ملک میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کیلئے جے این یو اور ٹاٹا اداروں جیسے دو سرفہرست ہندوستانی یونیورسٹیوں کے طلبا کی بھرتی کی تھی۔ این آئی اے کا یہ بیان گزشتہ چار برسوں سے ہندوستانی سیاست کو ہلا دینے والے سنسنی خیز معاملوں کے تعلق سے 16 گرفتار ملزمین اور6 دیگر فرار افراد کے خلاف دائر دوہرے معاملوں میں چارج شیٹ کے مسودے میں سامنے آیا ہے۔ دونوں معاملوں کی طویل جانچ کے بعد گزشتہ ہفتہ یہ ڈرافٹ چارج شیٹ این آئی اے اسپیشل کورٹ کے خصوصی جج ڈی ای کوٹھالیکر کے سامنے داخل کی گئی تھی۔این آئی اے کے مطابق ملزمین نے دہشت گردانہ سرگرمیوں کیلئے دو مشہور جواہرلال نہرو یونیورسٹی (نئی دہلی) اور ٹاٹا سماج سائنس انسٹی ٹیوٹ (ممبئی) سمیت مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا کی بھرتی کی تھی۔ ان پر ممنوعہ تنظیموں کی سرگرمیوں اور نظریات کو فروغ دینے، لوگوں اور طلبا کو یکجا کرنے، حکومت ہند اور مہاراشٹر حکومت کے خلاف سازش تیار کرنے اور عدم استحکام پیدا کرنے کے ساتھ ہی ملک کی سالمیت کو بڑے پیمانے پر خطرے میں ڈالنے جیسے سنگین مقاصد رکھنے کے الزامات ہیں۔اس کے ساتھ ہی ان پر جدید اسلحہ اور دھماکہ خیز مادوں سے متعلق ٹریننگ دینے، بڑے پیمانے پر تشدد کرنے، لوگوں میں دہشت پھیلانے اور دیگر ممنوعہ سرگرمیوں میں شامل ہونے کے الزامات بھی ہیں۔ این آئی اے نے کہا کہ ان مقاصد کے لیے ملزمین نے ممنوعہ تنظیموں اور محاذی تنظیموں کے ذریعہ سے منی پور اور پڑوسی ملک نیپال میں فراہم کنندگان سے تقریباً4 راونڈ اور دیگر ہتھیاروں کے ساتھ ایم-4 (جدید اسلحہ) کی سالانہ فراہمی کے لیے 8 کروڑ روپے جمع کرنے کا انتظام کیا تھا۔ مرکز اور مہاراشٹر حکومتوں کو خوفزدہ اور کمزور کرنے کے لیے یہ سازش تیار کی گئی تھی۔ان معاملوں میں گرفتار ملزم میں سدھیر پی دھولے، ورنون ایس گونجالوس ( ممبئی )، تھانے کے ارون ٹی فریرا، رونا جے ولسن اور گوتم نولکھا (نئی دہلی ) سریندر پی گاڈلنگ، شوما کے سین، مہیش ایس راوت (ناگپور )، حیدر آباد کے پی ورورا راو، فرید آباد کی سدھا بھردواج، یاوتمال کے آنند ، تریچور کے ہنی بابو ایم تھریل، احمد نگر کے ساگر گورکھے، پونے کے رمیش گایچور اور تمل ناڈو کے آنجہانی اسٹین سوامی شامل ہیں۔ سوامی کی گزشتہ 5 جولائی کو ممبئی میں حراست میں موت ہو گئی تھی۔