جموں و کشمیر اور لداخ میں مذہبی و ثقافتی تکثیر مثالی، یوروپی پارلیمانی وفد سے وزیراعظم مودی کی بات چیت
نئی دہلی 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے یوروپی یونین کے ایک وفد سے پیر کو کہاکہ دہشت گردی کی مدد و سرپرستی کرنے والوں کے خلاف فی الفور کارروائی کی جانی چاہئے۔ اس وفد نے جموں و کشمیر کا دورہ شروع کرنے سے قبل یہاں وزیراعظم سے ملاقات کی تھی جس سے اُنھوں نے کہاکہ دہشت گردی سے نمٹنے کے معاملہ میں کوئی رعایت و مروت برداشت نہیں کی جانی چاہئے۔ وزیراعظم مودی نے توقع ظاہر کی کہ اس ملک کے مختلف حصوں میں یوروپی ارکان پارلیمنٹ کا دورہ ثمرآور ثابت ہوگا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ بالخصوص اُنھیں جموں و کشمیر اور لداخ کے علاقوں کی ثقافتی و مذہبی تکثیر و تنوع کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے یہ اُمید بھی ظاہر کی کہ اس (دورہ) سے یوروپی وفد کو اس علاقہ کی ترقی اور حکمرانی کی ترجیحات کا واضح مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا۔ وزیراعظم نے کسی ملک کا نام لئے بغیر کہاکہ اُن کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت ہے جو ملک کی سرکاری پالیسی کے طور پر دہشت گردی کا استعمال کررہے ہیں اور دہشت گردی کی سرگرمیوں کی مدد سرپرستی کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے آسان صنعتکاری، سرمایہ کاری و تجارت کے معاملہ میں ہندوستان کا مقام اُجاگر کرتے ہوئے کہاکہ یہ ملک 2014 ء میں 142 ویں مقام پر تھا جو اب 63 ویں مقام پر پہونچ گیا ہے۔ جغرافیائی خدوخال و آبادی کے اعتبار سے یہ ایک بڑا اور تکثیری معااشرہ پر مبنی ملک ہے جس کے لئے آسان تجارت کی فہرست میں یہ مقام حاصل کرنا ایک اہم و نمایاں پہلو ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آج کا نظام حکمرانی، عوام اپنی اُمنگوں کے سمت آگے بڑھنے کی ترغیب دے رہا ہے۔ مودی نے تمام ہندوستانیوں کے لئے بھی بزنس کے آسان موقعوں کی فراہمی کو یقینی بنانے حکومت کی توجہ و ترجیحات کا تذکرہ کیا۔ اُنھوں نے بشمول سوچھ بھارت اور آیوشمان بھارت حکومت کے کلیدی پروگراموں کی کامیابیوں کا حوالہ بھی دیا۔ مودی نے عالمی نشانہ سے پہلے ہی مرض تپ دق (ٹی بی) کو 2025 ء تک مکمل طور پر ختم کرنے ہندوستان کے عہد کا اعادہ بھی کیا۔ اُنھوں نے تحفظات ماحولیات کے لئے حکومت کی طرف سے قابل تجدید توانائی کے اہداف میں اضافہ کرنے اور پلاسٹک کے صرف ایک مرتبہ استعمال کو روکنے کے مختلف اقدامات کا تذکرہ کیا۔