۔12 ویں برکس چوٹی کانفرنس میں وزیراعظم مودی نے چین کو کنارہ کردیا
نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے بارہویں بریکس چوٹی ورچول کانفرنس میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ آج ساری دنیا کو دہشت گردی کا سامنا ہے۔ جو ممالک دہشت گردوں کی تائید کرتے ہیں اُنھیں جوابدہ بنایا جانا چاہئے۔ اِن ممالک کے ساتھ منظم طریقہ سے نمٹا جائے۔ نریندر مودی نے یہ بھی کہاکہ بریکس 2021 ء میں اپنے 15 سال مکمل کرے گا۔ بریکس کا یہ پندرھواں سال ماضی کے کئی برسوں میں کئے گئے مختلف فیصلوں کا اہم سال ہوگا۔ وزیراعظم مودی مشرقی لداخ میں ایل اے سی پر جاریہ تعطل کے درمیان ورچول کانفرنس کے دوران صدر چین ژی جن پنگ کے ساتھ ایک ہی پلیٹ فارم پر نظر آئے۔ یہ بارہویں چوٹی کانفرنس اپنی نوعیت کی اہم کانفرنس ہے کیوں کہ ساری دنیا میں کوویڈ ۔ 19 وباء کے درمیان اقوام متحدہ کی 75 ویں سالگرہ کے پس منظر میں منعقد ہورہی ہے۔ تمام قائدین نے بین بریکس تعاون پر زور دیا اور عالمی تناظر میں اہم مسائل کا جائزہ لیا۔ اِن مسائل میں ہمہ رخی سسٹم کوویڈ ۔ 19 وباء انسداد دہشت گردی ، تجارت، صحت ، توانائی وغیرہ شامل ہیں۔اپنے افتتاحی ریمارکس میں وزیراعظم نے پاکستان کے حلیف ملک چین کو بالواسطہ طورپر کنارہ پر کردیا جبکہ چین برکس کا رکن ملک ہے۔ برازیل ، روس ، ہندوستان ، چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل یہ گروپ ہے لیکن چین مسلسل پاکستان کی پشت پناہی کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی سرزنش سے بچا رہا ہے۔ مودی نے کہا کہ اب دنیا کو سمجھنا ضروری ہے کہ قیام امن کیلئے کیا اقدامات کئے جانے چاہئے۔
