دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ملکوں سے قطع تعلق کا مشورہ

   

بی سی سی آئی سکریٹری امیتابھ چودھری کا انکار

ممبئی ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انڈین کرکٹ بورڈ کے قائم مقام سکریٹری امیتابھ چودھری نے پیر کو بیان دیا کہ انہوں نے بی سی سی آئی کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو کوئی بھی مکتوب روانہ نہیں کیا جس میں مشورہ دیا گیا تھا کہ دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ملکوں سے آئی سی سی اپنے تعلقات منقطع کرلے۔ اس مکتوب کی وصولی کے بعد آئی سی سی نے یہ کہہ کر اس مشورہ کو رد کردیا کہ ان معاملات سے بی سی سی آئی کو کوئی لینا دینا نہیں ہے اور نہ ہی کوئی مشورہ کی ضرورت ہے۔ ٹاٹا موٹرس ہاریئر جو آئی پی ایل کا آفیشیل پارٹنر ہے کے اعلان کے موقع پر صحافیوں نے جب چودھری سے سوال کیا کہ کیا وہ اس طرح کا مشورہ خصوصاً پاکستان کے ضمن میں آئی سی سی کو دیا تھا تو انہوں نے انکار کردیا۔ پلوامہ کے حملہ بعد بی سی سی آئی سی ای او راہول جوہری نے کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹر سے مشورہ کے بعد ایک ڈرافٹ تیار کیا تھا لیکن آئی سی سی چیرمین ششانک منوہر نے بیان دیا تھا کہ اس طرح کا فیصلہ ان کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے اور چودھری کے مطابق اس طرح کا بیان آئی سی سی نے دیا تھا۔ جب چودھری سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ اس طرح کے خط تحریر کرکے کوئی غلطی کا ارتکاب کیا ہے تو انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی سی ای او نے آئی سی سی کو صرف کھلاڑیوں اور شائقین کی سلامتی کی جانب سے یقین دہانی کرائی تھی نہ کے وہ پاکستان پر پابندی لگانے کا مشورہ دیا تھا اور ورلڈ کپ سے قبل بی سی سی آئی صرف سیکوریٹی کیلئے فکرمند ہے۔