دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں مسلم ممالک کی بھرپور تائید

,

   

آئی ایس آئی ایس پر تحقیقی شعبہ کے قیام کی منظوری ، این آئی اے برانچ کا افتتاح ،وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا خطاب

حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کہاکہ دہشت گردی عالمی چیلنج ہے اور ہندوستان کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے کئی مسلم ممالک تعاون کررہے ہیں۔ نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے نوتعمیر شدہ برانچ واقع مادھاپور ہائی ٹیک سٹی کے افتتاح کے بعد اپنے خطاب میں وزیرداخلہ نے کہاکہ دہشت گردی کا کوئی مذہب یا ذات نہیں ہوتا لیکن بعض افراد دہشت گردی کو مذہب سے جوڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔ پلوامہ میں سی آر پی ایف جوانوں پر جیش محمد کے خودکش حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ حکومت ہندوستان کی سرزمین سے دہشت گردی کا صفایا کرنے کے لئے کمربستہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے ہندوستان کو دنیا کے کئی ممالک کی تائید حاصل ہے اور عالمی سطح پر دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے سب ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہورہے ہیں۔ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ تنظیم اسلامی کانفرنس میں شامل ہونے والے تمام اسلامی ممالک نے ہندوستان کی مدد کا اعلان کیا ہے اور مرکزی وزیر خارجہ کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا ہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ پلوامہ حملے سے ہندوستان کے ہر شہری کی دلآزاری ہوئی ہے۔