وزیر داخلہ نے اندرون ملک اور ہند ۔ پاک سرحد کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا
نئی دہلی۔ 16 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے پیش نظر آج ملک بھر کی اور خاص طور پر جموں و کشمیر کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ کے طلب کردہ اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سکیورٹی عہدیداروں نے وزیر داخلہ کو ملک میں پائی جانے والی صورتحال کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ عہدیداروں نے انہیں ہند ۔ پاک سرحد کی موجودہ صورتحال کی تفصیل بھی بتائی۔ وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ اجلاس میں پاکستان سے کام کرنے والے دہشت گرد گروپ کی جانب سے جموں و کشمیر میں امن کو درہم برہم کرنے کے کسی بھی منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات پر بھی تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ عہدیدار نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے حکام کو ہدایت دی کہ وادیٔ کشمیر میں فی الحال سرگرم دہشت گردوں کا پتہ چلانے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور کوئی تساہل نہ برتا جائے۔ اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں مرکزی معتمد داخلہ، ڈائرکٹر انٹلیجنس راجیو جین اور مشیر قومی سلامتی اجیت ڈوول شامل ہیں۔ جمعرات کو پلوامہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں سی آر پی ایف قافلے کو نشانہ بناتے ہوئے ایک دہشت گرد نے دھماکو مادوں سے لدی گاڑی کو دھماکے سے اُڑا لیا تھا جس میں 40 جوان ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حملے کے بعد ملک بھر میں مختلف مقامات پر احتجاج اور مظاہرے بھی کئے گئے۔