دہشت گرد حملہ ،سمیع ، کوہلی اور دیگر کھلاڑیوں کا اظہار غم

   

نئی دہلی : پہلگام دہشت گردانہ حملے سے پورا ملک سکتہ میں ہے۔ کرکٹ کی دنیا نے بھی اس پر ردعمل کا اظہار کیا۔ سچن تنڈولکر سے لے کر ویراٹ کوہلی تک کئی مشہورکھلاڑیوں نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ٹیم انڈیا کے فاسٹ بول محمد سمیع بھی دہشت گردی کے اس واقعہ سے صدمے میں ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات ہمارے ملک کے معاشرے کو کمزورکرتے ہیں۔ انہوں نے تمام اہل وطن سے اس مشکل وقت میں متحد رہنے کی اپیل کی ہے۔سمیع نے اس حملے کے بارے میں کہا مجھے پہلگام میں ہونے والے المناک دہشت گردانہ حملے سے بہت دکھ ہوا ہے۔ اس وحشیانہ حملے میں بہت سے معصوم لوگوں نے اپنی جانیں گنوائیں اور خاندان بکھرگئے۔ اس قسم کا تشدد نہ صرف ایک شخص کو نشانہ بناتا ہے، بلکہ ہمارے معاشرے کے تانے بانے کو بھی کمزورکرتا ہے۔ اس مشکل وقت میں، ہمیں دہشت گردی کی مذمت میں متحد ہونا چاہیے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرنا ضروری ہے۔ ہماری تعزیت اس سانحے سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہے اور انصاف کے لیے دعا گو ہیں۔جموں و کشمیر کے پہلگام میں گزشتہ روز ہوئے دہشت گرد حملے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس واقعے میں تقریباً 26 افراد ہلاک ہو ئے ہیں، جب کہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ اس دہشت گردانہ حملے میں زیادہ تر متاثرین سیاح ہیں، اس واقعہ نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ علاوہ ازیں ویرات کوہلی نے حملے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے کہا، میں پہلگام میں معصوم لوگوں پر ہونے والے گھناؤنے حملے سے بہت دکھی ہوں۔ متاثرین کے اہل خانہ سے میری دلی تعزیت ہے۔ میں اس وحشیانہ فعل کے لیے انصاف اور اپنی جانیں گنوانے والے تمام افراد کے خاندانوں کے لیے امن اور طاقت کے لیے دعا گو ہوں۔ اور ہاردک پانڈیا نے بھی اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلگام سے آنے والی خبروں سے حیران ہوں۔ میری تعزیت متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔ سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر نے کہا، میں پہلگام میں معصوم لوگوں پر ہونے والے المناک حملوں سے صدمے اورگہرے دکھ میں ہوں۔ متاثرہ خاندان ناقابل تصور تکلیف سے گزر رہے ہوں گے۔ ہندوستان اور دنیا اس مشکل کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم جان و مال کے نقصان پر غمزدہ ہیں اور انصاف کی دعا کرتے ہیں۔یادرہے کہ اس دہشت گرد حملے نے حالات کو مشکل کردیا ہے ۔