دہشت گرد حملے ،ماضی میں مثال نہیں ملتی : نتیش

   

سنگین واقعہ ، سخت ترین جوابی کارروائی ناگزیر
پٹنہ ۔ /16 فبرور ی (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے آج کہا کہ پلوامہ دہشت گرد حملے کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی اور اس سانحہ پر ملک میں پیدا شدہ مزاج و رجحان ، سخت ترین جوابی کارروائی چاہتا ہے ۔ نتیش کمار آج یہاں ایرپورٹ پر اخباری نمائندں کے سوالات کا جواب دے رہے تھے ۔ اس ریاست کے دو اور پڑوسی ریاست جھارکھنڈ کے ان تین سی آر پی ایف جوانوں کو بطور احترام وداعی سلامی دی جارہی تھی جو پلوامہ دہشت گرد حملے میں ہلاک ہوگئے تھے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ’ یہ ایک ایسا واقعہ ہے جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ اس کی نوعیت اور سنگینی پر فیصلہ کرنا ہنوز باقی ہے لیکن ملک میں پیدا شدہ مزاج و رجحان یہ مطالبہ کرتا ہے کہ اس کے خلاف سخت جوابی کارروائی کی جائے ‘ ۔ سنجے کمار سنہا دیپانند اور رتن کمار ٹھاکر بھاگلپور سے تعلق رکھتے تھے ۔ ان کے علاوہ جھارکھنڈ کے علاقہ گملا کے وجئے سورینگ کی نعشیں ایک خصوصی طیارہ کے ذریعہ یہاں لائی گئی تھیں ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر روی شنکر پرساد ، ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی ، اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو اور دوسرے بھی موجود تھے ۔