حیدرآباد میں بلیک کیاٹ کار ریالی، گورنر سوندرا راجن نے افتتاح کیا
حیدرآباد۔/17 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے نیشنل سیکوریٹی گارڈ
(NSG)
کی جانب سے آزادی کا امرت مہا اُتسو کے ضمن میں منعقدہ بلیک کیاٹ کار ریالی کا جھنڈی دکھاکر آغاز کیا۔ پیوپلز پلازہ پر اس سلسلہ میں تقریب منعقد کی گئی۔ این ایس جی نے سدرشن بھارت پریکرما کے تحت اس ریالی کا اہتمام کیا۔ گورنر نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے این ایس جی کمانڈوز کی خدمات کی ستائش کی۔ گورنر نے کہا کہ مخالف دہشت گرد کارروائیوں کی انجام دہی میں این ایس جی کو منفرد مقام حاصل ہے۔ حالیہ عرصہ میں این ایس جی نے کئی اہم چیالنجس کا سامنا کرتے ہوئے دہشت گرد حملوں کو ناکام بنایا ہے۔ گورنر نے ملک کے اتحاد اور یکجہتی کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے این ایس جی کمانڈوز کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج میں بہادری اور حوصلہ مندی کے ذریعہ ملک میں امن وامان کی برقراری کو یقینی بنایا گیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ بلیک کیاٹ کار ریالی میں این ایس جی کمانڈوز کی شمولیت اور 7500 کیلو میٹر کا فاصلہ طئے کرنے کا یہ اقدام قابل ستائش ہے۔ گورنر نے کہا کہ عوام میں حب الوطنی اور اتحاد کا جذبہ پیدا کرنے میں این ایس جی کمانڈوز نے نمایاں رول ادا کیا ہے۔ر