نئی دہلی 29 جولائی (ایجنسیز)سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور رکن لوک سبھا اکھلیش یادو نے منگل کو ایوان میں آپریشن سندور پر بحث میں حصہ لیا۔ انہوں نے پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے پر بھارتی فوج کی تعریف کی۔ ساتھ ہی اکھلیش یادو نے پہلگام میں سیاحوں کی حفاظت اور جنگ بندی جیسے موضوعات پر سوالات اٹھائے۔ انھوں نے کہا کہ پہلگام حملہ کے دہشت گرد مباحث سے عین قبل گزشتہ روز ہی کیوں مارے گئے؟ آپریشن سندور پر اکھلیش یادو نے بھارتی فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ فوج نے آپریشن شروع کیا اور پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیئے۔ ایس پی سربراہ نے ایوان زیریں میں کہا کہ ہماری فوج دنیا کی بہادر فوجوں میں سب سے آگے نظر آئے گی۔ ہمیں فوج کی بہادری اور بے مثال جرات پر فخر ہے۔ فوج نے نہ صرف دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کیے بلکہ پاکستان کے فضائی اڈوں کو بھی تباہ کیا۔ تاہم، جنگ بندی پر اکھلیش نے سوال کیا کہ جب ہماری فوج پاکستان کو ہمیشہ کے لیے سبق سکھا سکتی تھی تو مثبت پیام جاتا اور پاکستان پھر کبھی کسی قسم کی دہشت گردی کی ہمت نہیں کرتا۔