دہلی، لدھیانہ، یوپی ، کولکاتا میں احتجاج

   

پیغمبر ﷺ کی شان میں گستاخی کا معاملہ
نئی دہلی : پیغمبر اسلام اور آخری رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کی شان میں بی جے پی کی ترجمان نپور شرما کے گستاخانہ ریمارکس پر برسر اقتدار پارٹی کی علامتی کارروائی مسلمانوں کے لئے کافی نہیں جس کا مظاہرہ آج بعد نماز جمعہ عملی طور پر دیکھنے میں آیا۔ قومی دارالحکومت دہلی، پنجاب، حیدرآباد، کولکاتا اور سیاسی طور پر حساس ریاست اترپردیش کے کئی حصوں میں زبردست احتجاج کئے گئے۔ ایک ہفتہ قبل جمعہ کے موقع پر ہی کانپور کے حصوں میں اِسی موضوع پر احتجاج کے دوران تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ دو برادریوں کے درمیان سنگباری ہوئی اور بعض جگہ دوکانات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔ آج جمعہ کے بعد سہارنپور، مرادآباد، رام پور اور لکھنؤ میں کئی جگہ گستاخانہ ریمارکس کے خلاف شدید احتجاج درج کرایا گیا۔ احتجاجیوں نے نعرے لگائے ۔ پریاگ راج کے بعض علاقوں میں پتھراؤ پیش آیا۔ دہلی کی جامع مسجد میں زبردست ہجوم اکٹھا ہوا جس نے پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے۔ یہ پرامن احتجاج ہوا جس میں گستاخ کے علاوہ برطرف بی جے پی ترجمان نوین جندل کے خلاف بھی نعرے لگاتے ہوئے دونوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ حیدرآباد میں مکہ مسجد کے باہر بھی جمعہ کے بعد احتجاج کیا گیا۔ اِسی طرح مہاراشٹرا کے شولاپور اور نوی ممبئی، جھارکھنڈ کے بعض مقامات پر بھی احتجاج کیا گیا۔ احتجاجیوں کا بنیادی مطالبہ ہے کہ نپور اور نوین کو فوری گرفتار کیا جائے۔