دہلی، مہاراشٹرا، گوا کیخلاف سپریم کورٹ کا جرمانہ

   

کمیونٹی کچن پر حلفنامہ داخل نہ کرنے کا شاخسانہ
نئی دہلی17فروری(سیاست ڈاٹ کام )سپریم کورٹ نے ملک بھر میں کمیونٹی کچن بنائے جانے کے معاملے میں حلف نامہ داخل نہ کرنے پر دہلی،مہاراشٹر،منی پور،اوڈیشہ اور گوا پر جرمانے کی رقم بڑھاکر 10لاکھ روپے کردی ہے ۔جسٹس این وی رمن کی صدارت والی بینچ نے پیر کو گزشتہ 10فروری کی اپنی ہدایت پر عمل نہ کئے جانے کے سلسلے میں پاچن ریاستوں پر لگائے گئے جرمانے کی رقم پانچ لاکھ سے بڑھا دس لاکھ کردی ہے ۔واضح رہے کہ عدالت نے بھکمری کی وجہ سے ملک میں ہونے والی اموات اور فوڈ سکیورٹی کے سلسلے میں سخت رخ اختیار کرتے ہوئے گزشتہ پیر کو مرکز اور ریاستی حکومتوں کی بے حسی پر جرمانہ لگایاتھا۔بینچ نے کمیونٹی کچن سے منسلک مفادعاملہ کی عرضی پر 24گھنٹے میں حلف نامہ داخل کرنے والی ریاستوں کو ایک لاکھ روپے دینے اور دیگر پر پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ لگایاتھا۔اس معاملے میں سپریم کورٹ اور ریاستی حکومتوں سے فوڈ سکیورٹی اور کمیونٹی کچن کے انتظام کے سلسلے میں حلف نامہ داخل کرنے کو کہاگیاتھا۔اس دن تک صرف سات ریاستوں انڈمان ،کرناٹک، پنجاب، جھارکھنڈ، ناگالینڈ اورجموں و کشمیر نے ہی سپریم کورٹ میں حلف نامہ پیش کیاتھا۔کئی ریاستوں نے حلف نامہ پیش نہیں کیاتھا جس کے سلسلے میں پچھلے پانچ مہینوں سے معاملہ التوا میں ہے ۔حیرانی کی بات ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے بھی اس دن تک حلف نامہ پیش نہیں کیاگیاہے ۔