دہلی، چنڈی گڑھ اور کولکاتا سمیت 15 شہروں میں این آئی اے کے چھاپے

   

نئی دہلی، 31 مئی (یو این آئی) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) کی متعدد ٹیموں نے ہفتہ کے روز دہلی، چنڈی گڑھ اور کولکاتہ سمیت آٹھ مختلف ریاستوں کے 15 شہروں میں چھاپے مارے ۔ابھی چند روز قبل سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) موتیرام جاٹ کو پاکستان میں انٹیلی جنس اہلکاروں کے ساتھ ہندوستانی خفیہ معلومات شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ موتی رام نے این آئی اے کو اہم معلومات دی تھیں، جس کی وجہ سے اس معاملے کی جانچ کرنے والی این آئی اے نے دہلی، چنڈی گڑھ اور کولکاتہ سمیت 15 مقامات پر چھاپے مارے ۔این آئی اے کے ذرائع نے بتایا کہ موتی رام جاٹ پہلے پہلگام، جموں و کشمیر میں تعینات تھے ۔ دہشت گردانہ حملے سے صرف پانچ روز پہلے انہیں دہلی منتقل کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 22 اپریل کو پہلگام میں دہشت گردانہ حملہ کیا گیا۔ جس میں تقریباً 26 سیاح مارے گئے ۔ اس وجہ سے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کے ذریعے افشا ہونے والی معلومات کا اس حملے سے کوئی تعلق ہو سکتا ہے ۔ این آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ ہم 15 مقامات پر تلاشی لے رہے ہیں اور مزید معلومات بعد میں شیئر کریں گے ۔ ترجمان نے کہا، “موتی رام جاٹ پاکستانی انٹیلی جنس حکام کے ساتھ فعال طور پر رابطے میں تھا۔ ہمیں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وہ مختلف ذرائع سے پی آئی او سے رقم وصول کر رہا تھا۔ یہ معاملہ بہت حساس ہے اور اس کا تعلق ملک کی سلامتی سے ہے ۔