نئی دہلی: اتر پردیش، بہار، اتراکھنڈ، راجستھان، ہریانہ، پنجاب اور آس پاس کے علاقوں سمیت پورے شمالی ہندوستان میں شدید گرمی کا اثر ہے۔ کئی مقامات پر درجہ حرارت 40 ڈگری یا اس سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔ کئی ریاستوں میں دوپہر کے وقت لو اور گرم ہواؤں کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں۔ وہیں پورے موسم گرما کا سب سے بڑا قہر اب دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 اور کم از کم 28 ڈگری سیلسیس رہنے کا اندازہ ہے۔ اسی طرح اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں پارہ 43 ڈگری سیلسیس تک جب کہ بہار کی راجدھانی پٹنہ میں یہ 44 ڈگری سیلسیس تک رہے گا۔ تاہم گرمی سے پریشان لوگوں کے لئے راحت کی خبر ہے کہ رواں ہفتے موسم بدل رہا ہےہندوستان کے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جمعرات سے ہی دہلی میں گرمی سے کچھ راحت ملنی شروع ہوجائے گی اور جمعہ – سنیچر کو پارہ 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔ اس کے بعد اتوار کو ہلکی بارش ہونے کے اشارے ہیں، جس کے باعث پارہ 32 ڈگری تک گر جائے گا۔