نئی دہلی، 3 فروری (یو این آئی) دہلی اور قومی دارالحکومت خطہ (این سی آر) کے کئی علاقوں میں شدید جبکہ متعدد مقامات پر درمیانی درجے کی دھند چھائی رہی، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہوئی اور ابتدائی اوقات میں سفری نظام درہم برہم رہا۔ اس صورتحال کے سبب ٹرینوں اور پروازوں میں تاخیر دیکھنے میں آئی۔دہلی ایئرپورٹ نے مسافروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی پروازوں کے اوقات اور تازہ معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کریں، کیونکہ دھند کے باعث آپریشنز کو کیٹ۔تھری حالات کے تحت چلایا گیا، جس سے تاخیر کا امکان ہے۔ کیٹ۔تھری نظام انتہائی کم یا قریباً صفر حدِ نگاہ میں بھی طیاروں کی لینڈنگ کی اجازت دیتا ہے ۔