گروگرام، 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) قومی راجدھانی دہلی اور ہریانہ کے گروگرام ضلع کی سرحدوں بالخصوص دہلی کی جانب لوگوں کی محدود آمدورفت کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جو یکم مئی، جمعہ سے صبح دس بجے سے نافذ ہوں گے ۔گروگرام ضلع مجسٹریٹ اور ڈپٹی کمشنر امیت کھتری کے احکامات میں کہا گیا ہے ریاست میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عوامی مفاد کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سرحد کے آر پار لوگوں کا آنا جانا کم ہو۔اس کے لیے ضروری ہے کہ گروگرام میں جو لوگ کام کر رہے ہیں لیکن وہ یہاں کے رہائشی نہیں ہیں، ان کے لئے گروگرام میں ہی رہنے کا انتظام کریں اور جو شخص گروگرام ضلع کی سرحد کے باہر دیگر جگہوں پر کام کرتے ہیں لیکن وہ گرگرام کے رہنے والے ہیں، ایسے شخص بھی متعلقہ مینجمنٹ سے رابطہ کرکے وہیں پررہائش کا بندوبست کروائیں تاکہ روزانہ سرحد پار ٹریفک کو ختم یا کم کیا جا سکے۔
