نئی دہلی : ممبئی اور چنئی کے بعد اب دہلی اور کولکتہ میں بھی پٹرول کی قیمت 100 روپے فی لیٹر کو عبور کرگئی ہے ۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے آج ملک کے چار بڑے میٹرو میں پیٹرول کی قیمت میں 39 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 23 پیسے کا اضافہ کیا ہے ۔ معروف آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق ، دہلی میں پٹرول کی قیمت 35 پیسے اضافے کے ساتھ 100.21 روپے فی لیٹر ہوگئی۔ یہ پہلا موقع ہے جب قومی دارلحکومت میں غیر برانڈیڈ پیٹرول 100 روپے فی لیٹر مہنگا ہوگیا ہے ۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت بھی 17 پیسے اضافے سے 89.53 روپے فی لیٹر ہوگئی۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا موجودہ سلسلہ 4 مئی سے شروع ہوا۔ دہلی میں مئی اور جون میں پٹرول 8.41 روپے اور ڈیزل 8.45 روپے مہنگا ہوا تھا۔ جولائی میں پٹرول کی قیمت میں 1.40 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے ۔