دہلی آج راجستھان کے خلاف کامیابی کی خواہاں

   

نئی دہلی: شاندار آغاز کے بعد گھریلو میدان پر ایک ڈرامائی شکست سے پریشان والی دہلی کیپیٹلزکی ٹیم چہارشنبہ کو یہاں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں راجستھان رائلز کے خلاف میچ میں شکست کے صدمے سے باہر نکلنے اور واپسی کی کوشش کرے گی۔ چار میچز کی جیت کے سلسلے کے بعد اکشر پٹیل کی قیادت میں دہلی کی ٹیم ایک متوازن مشین کی طرح دکھائی دے رہی تھی، لیکن ممبئی انڈینز کے خلاف اچانک بیٹنگ کا انہدام ان کی رفتارکو روک گیا۔ گھر واپسی کا جشن منانے کی امید ایک مایوس کن شکست میں بدل گئی، اور اس شکست نے ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر دھکیل دیا۔ اس کے برعکس، راجستھان رائلز کی حالت نازک ہے، جنہیں چھ میچز میں صرف دو فتوحات ملی ہیں اور وہ آٹھویں نمبر پر ہیں۔ ان کا سیزن عدم تسلسل کا شکار رہا ہے۔ امپیکٹ کھلاڑی کرون نائر، جنہوں نے حالیہ ڈومیسٹک سیزن میں شاندار کارکردگی دکھائی تھی، نے دہلی کی جانب سے ممبئی کے خلاف 206 رنز کے تعاقب میں 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ 10 اوورز میں 119/1 کے اسکور پر میچ دہلی کی گرفت میں دکھائی دے رہا تھا، لیکن اس کے بعد حیران کن طور پر ٹیم کا بیٹنگ بکھرگئی، اور آخری اوور میں تین رن آؤٹ کے بعد ٹیم 193 پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اگرچہ دہلی کیپیٹلز دو اہم پوائنٹس کھونے پر افسوس کرے گی، لیکن ان کے پاس زیادہ وقت نہیں ہے کیونکہ اگلا اہم مقابلہ ان کا انتظار کر رہا ہے۔ ایک بار پھر، دہلی کے اسپنرز اس میچ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ شام کی نمی کے باوجود، کلدیپ یادو اور 20 سالہ ویپراج نگم جیسی کلائی کے اسپنرز اپنی جادوگری دکھانے کے لیے تیار ہیں۔ یہ دونوں بولرز اس سیزن میں دہلی کے بہترین کارکردگی دکھانے والے بولرز میں شامل رہے ہیں۔ تاہم کپتان اکشر پٹیل تاحال کوئی خاص تاثر قائم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اگرچہ انہوں نے بطور کپتان ٹیم کی اچھی قیادت کی ہے، لیکن بطور بولر انہوں نے چھ میچوں میں14 اوورز کے دوران کوئی وکٹ نہیں لی اور ان کی اکانومی ریٹ 10 کے قریب رہی ہے۔ بیٹنگ میں بھی وہ ابھی تک کوئی کارنامہ انجام نہیں دے سکے۔ جیک فریزر۔ مکگرک، جنہوں نے پچھلے سیزن میں دھماکہ خیز بیٹنگ سے سب کو متاثر کیا تھا، اس سیزن میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔ ان کا ہائی رسک اسٹائل اس بارکام نہیں آیا، اور انہوں نے صرف 46 رنز بنائے ہیں جن میں دو صفر بھی شامل ہیں۔ فاف ڈو پلیسی کی چوٹ کے باعث ٹیم سے غیر موجودگی کے دوران، کرون نائر نے اپنی جگہ ٹیم میں مضبوط کر لی ہے۔ دہلی کا مڈل آرڈر اس سیزن میں خاص مضبوط نظر آرہا ہے، جس میں کے ایل راہول کا تجربہ، ٹرسٹن اسٹبز اور آشتوش شرما کی پاور ہٹنگ، اور نگم کی نوجوان صلاحیت شامل ہے۔