نئی دہلی: کانگریس نے اتوار کو واضح کیا کہ وہ دہلی میں افسروں کے ٹرانسفر پوسٹنگ کے کنٹرول سے متعلق مرکز کے آرڈیننس کی حمایت نہیں کرے گی۔ یہ حکمراں عام آدمی پارٹی کے حق میں ایک بڑا قدم ہے۔ اروند کیجریوال نے کانگریس، ٹی ایم سی، ڈی ایم کے، شیوسینا (ادھو)، جے ڈی یو، آر جے ڈی، جے ایم ایم، سی پی آئی، سی پی آئی (ایم)، این سی پی، ایس پی، ٹی آر ایس اور بی آر ایس سمیت پارٹیوں کی حمایت حاصل کی ہے۔ وہیں اے اے پی نے کانگریس کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔بنگلورو میں اپوزیشن لیڈروں کی طے شدہ میٹنگ سے ایک دن پہلے کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ “مجھے لگتا ہے کہ وہ (اے اے پی) کل میٹنگ میں شامل ہونے جارہے ہیں۔” جہاں تک آرڈیننس کا سوال ہے، تو ہمارا موقف بالکل واضح ہے۔ ہم اس کی حمایت نہیں کرنے والے ہیں۔‘‘ کانگریس نے ’ملک کے وفاقی نظام کو نقصان پہنچانے یا گورنروں کے ذریعے ریاستوں کے معاملات میں مداخلت‘ کی کسی بھی کوشش کی حمایت کرنے سے انکار کردیا۔
