شہریت قانون کی مخالفت افسوسناک، مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/9 فبروری، ( سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے دعویٰ کیا کہ نئی دہلی کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو کامیابی حاصل ہوگی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے عوام کی بھلائی کیلئے جو قدم اٹھائے ہیں دہلی کے عوام کی تائید حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح لوک سبھا انتخابات میں دہلی کی تمام نشستوں پر بی جے پی کامیاب رہی اسی طرح اسمبلی میں پارٹی کو تائید حاصل ہوگی۔ کشن ریڈی نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے شہریت قانون کی مخالفت پر تنقید کی اور کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ شہریت قانون کے نقصانات سے عوام کو واقف کروائیں۔ محض مخالفت کرتے ہوئے عوام کے ذہنوں میں اُلجھن پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کشن ریڈی نے بی جے پی آفس میں سنت روی داس کی 621 جینتی تقاریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ بعض پارٹیاں مذہب کے نام پر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ شہریت قانون سے ملک کے موجودہ شہریوں کا کوئی نقصان نہیں ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے اس قانون کی مخالفت پر تبصرہ کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ 3 بیرونی ممالک سے آنے والے اقلیتوں کو ہندوستانی شہریت کی فراہمی میں قباحت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے آنے والے پناہ گزینوں کو شہریت دی جائے گی۔ غیر قانونی مداخلت کاروں کو شہریت فراہم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا پاکستانی شہریوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے کے سی آر اس قانون کی مخالفت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین ممالک میںہندو، بودھ ، سکھ اور دیگر اقلیتی طبقات کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کیا جاتا ہے۔ ان تینوں ممالک کے متاثرہ خاندان ہندوستان میں پناہ گزین کی حیثیت سے آرہے ہیں ایسے افراد کیلئے قانون وضع کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی صرف خاندانوں کی بھلائی کیلئے کام نہیں کرتی بلکہ عوام کی بھلائی کے کام انجام دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ بیرونی ممالک سے آنے والے افراد کی ایر پورٹ پر میڈیکل جانچ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کے سمندری علاقہ میں کشتی میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو بحفاظت وطن واپس لانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ مجلس کو خوش کرنے کیلئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے اجلاس میں شہریت قانون کے خلاف قرارداد منظور کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عوام ووٹ بینک کی سیاست کرنے والوں کی تائید نہیں کرے گی۔