دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے آج رائے دہی، سخت ترین حفاظتی انتظامات

,

   

Ferty9 Clinic

شاہین باغ کے پانچ پولنگ اسٹیشن حساس زمرہ میں شامل، 1.47 کروڑ ووٹرس 672 امیدواروں کے مقدر کا فیصلہ کریں گے

نئی دہلی 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی 70 رکنی اسمبلی کے انتخاب کے لئے کل ہفتہ کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ جس میں جدید ٹیکنالوجی کے آلات کیو آر کوڈس اور موبائیل ایپس کا بکثرت استعمال کیا جائے گا۔ شاہین باغ اور حساس علاقوں میں سخت ترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ قومی دارالحکومت کی اس انتخابی لڑائی میں 1.47 کروڑ ووٹرس اپنا حق رائے دہی ادا کرنے کے مستحق ہیں۔ حکمراں عام آدمی پارٹی (عاپ)، پُرعزم کانگریس اور انتھک انتخابی مہم چلانے والی بی جے پی کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہے۔ سی اے اے کیخلاف جاری رواں احتجاج کے پیش نظر دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر نے شاہین باغ کے علاقہ میں واقع تمام پولنگ اسٹیشنوں کو ’حساس‘ زمرہ میں رکھا ہے۔ رائے دہندوں کو دوبارہ یقین دہانی کے لئے اعتماد سازی کے اقدامات جاری ہیں۔ دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر رنبیر سنگھ نے اعادہ کیاکہ اس علاقہ میں سخت ترین نگرانی جاری ہے۔ انتخابی سرگرمیوں کے علاقوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی چنانچہ ووٹرس کو کسی مسئلہ کا سامنا نہیں رہے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ دہلی کے انتخابات میں 1,47,86,382 افراد حق رائے دہی ادا کرنے کے مستحق ہیں۔ 2,32,815 ووٹرس کی عمر 18-19 کے درمیان ہے۔ رائے دہندوں کے مختلف زمروں میں 81,05,236 مرد، 66,80,177 خواتین، 869 زنخے شامل ہیں۔ علاوہ ازیں 11,608 ووٹرس کا تعلق فوجی خدمات سے ہے۔ 132 ووٹرس کی عمر 100 سال سے زائد ہے۔ ان میں 68 مرد اور 64 خواتین ہیں۔ دہلی اسمبلی کی 70 نشستوں کے لئے 672 امیدوار مقابلہ کررہے ہیں۔ جس کے لئے تین ہفتوں سے جاری تلخ و ترش انتخابی مہم جمعرات کی شام ختم ہوئی تھی۔ اسپیشل کمشنر (انٹلی جنس) پراوین راجن نے قبل ازیں کہا تھا کہ پولیس فورس اور نیم فوجی فورسیس کو قومی دارالحکومت کے حساس علاقوں میں تعینات کیا جاچکا ہے۔ 13,750 پولنگ بوتھس قائم کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 2,689 ضمنی بوتھ قائم کئے گئے ہیں جہاں الیکٹرانک ووٹنگ مشینس کے ساتھ عملہ کو تعینات کردیا گیا ہے اور پولیس کا سخت پہرہ رکھا گیا ہے۔ 11 فروری کو 8 بجے صبح ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی اور شام تک تمام نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔