کانگریس کوانڈیا اتحاد سے ہٹانے کیلئے مہم کا اشارہ‘ چیف منسٹر دہلی آتشی اور سنجے سنگھ کی پریس کانفرنس
دہلی الیکشن سے قبل عآپ اور کانگریس میں دراڑ!
یٰنئی دہلی : چیف منسٹر دہلی مارلینا آتشی نے جمعرات کو الزام لگایا کہ کانگریس دہلی میں الیکشن جیتنے کیلئے بی جے پی کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ یہ بیان ذرائع کے اس دعوے کے درمیان آیا ہے کہ عام آدمی پارٹی ممکنہ طور پر انڈیا بلاک کی دیگر جماعتوں سے کانگریس پارٹی کو اتحاد سے نکالنے کے لیے مہم چلائے گی۔ یہ اقدام آئندہ دہلی انتخابات سے قبل اپوزیشن اتحاد کیلئے بڑا دھچکہ ثابت ہو سکتا ہے۔ عام آدمی پارٹی الیکشن کیلئے کانگریس کی امیدواروں کی فہرست کو لیکر ناراض ہے ۔ کانگریس نے عآپ کنوینر اروند کجریوال کے خلاف شکایت بھی درج کروائی جس میں ان پر فلاحی اسکیموں کے وعدوں کے ساتھ عوام کو گمراہ کرنے اور دھوکہ دینے کا الزام لگایا گیا۔آتشی نے مزید کہاکہ اگر نیشنل کانگریس دہلی کانگریس کی سازش میں ملوث نہیں ہے تو انہیں دہلی کے اپنے لیڈروں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔AAP لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کانگریس اجے ماکن کے خلاف کجریوال کو ملک دشمن کہنے پر کارروائی کرے اور اس کیلئے انہوں نے24گھنٹوں کا الٹی میٹم بھی دیا۔ انہوں نے دھمکی دی کہ بصورت دیگر وہ کانگریس کو اتحاد سے ہٹانے کے لیے انڈیا بلاک کے دیگر اتحادیوں سے بات کریں گے۔چہارشنبہ کو ایک اشتہارات سے بڑے پیمانے پر تنازعہ شروع ہونے کے بعد ماکن نے کہا کہ 2013 میں AAP کی حمایت کرنے کا پارٹی کا فیصلہ دہلی میں اس کے زوال کا باعث بنا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لئے AAP کے ساتھ اتحاد کرنے کی غلطی کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔اس معاملے پر عآپ کی حمایت کرتے ہوئے، سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے رہنما فخر الحسن چاند نے کہا کہ اجے ماکن نے جو زبان استعمال کی ہے وہ اچھی نہیں ہے اور اسے قبول نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ ایس پی چاہتی ہے کہ سبھی بی جے پی کے خلاف متحد ہو جائیں۔ اکھلیش یادو جی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ AAP دہلی میں بی جے پی کو شکست دے سکتی ہے۔ اس لیے ہم کجریوال کی پارٹی کی حمایت کریں گے۔ زبان کا وقار ہمیشہ برقرار رہنا چاہیے۔ چاند کا مزید کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کی قومی قیادت کو ایک دوسرے سے بات کرنی چاہیے۔ اگر ضرورت پڑی تو ایس پی ثالثی کرے گی۔تازہ ترین تنازعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس لیڈر ابھیشیک دت نے کہا کہ کجریوال نے دہلی کو لوٹ لیا ہے۔ وہ بغیر کسی وجہ کے سندیپ دکشت کے ساتھ زیادتی کررہے ہیں۔ کیجریوال جانتے ہیں کہ وہ الیکشن ہار جائیں گے۔جنگ پورہ سے کانگریس کے امیدوار فرہاد سوری نے میڈیا کو بتایا کجریوال جانتے ہیں کہ منیش سسودیا جنگ پورہ سے ہار رہے ہیں اس لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اپنے حلقے میں جو احساس مل رہا ہے وہ یہ ہے کہ لڑائی کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہے جب کہ سابق ڈپٹی سی ایم ہار رہے ہیں۔سوری نے آتشی کے الزامات کو سی ایم اور عآپ کی کم سوچ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کانگریسی بی جے پی سے پیسہ نہیں لینے والا ہے۔ یہ ایک احمقانہ بات کے سوا کچھ نہیں ہے۔