۔15 ارکان اسمبلی ٹکٹ سے محروم ۔ 24 نئے چہرے ۔ کجریوال نئی دہلی سے امیدوار
نئی دہلی 14 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی میں 8 فبروری کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کی بساطبچھ گئی ہے جہاں عام آدمی پارٹی نے تمام 70 حلقوں کیلئے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے اور یہاں پرچہ نامزدگیوں کا ادخال بھی شروع ہوچکا ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے اپنے امیدواروں میں 24 نئے چہرے پیش کئے ہیں اور 15 موجودہ ارکان اسمبلی کو ٹکٹ سے محروم کردیا ہے ۔ چیف منسٹر اروند کجریوال تیسری معیاد کیلئے نئی دہلی نشست سے مقابلہ کرینگے جبکہ یہاں ان کی پارٹی ترقی کے نعرہ پر دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ یہاں بی جے پی اور کانگریس بھی مقابلہ میں ہیں اور امکان ہے کہ ان کے امیداروں کا چند دن میں اعلان کیا جائیگا ۔ بی جے پی کی حلیف لوک جن شکتی پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بھی تمام 70 نشستوں سے مقابلہ کریگی اور اس نے اپنے 15 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے اپنے 46 ارکان اسمبلی کو دوبارہ ٹکٹ دیا ہے ۔ دہلی کے تمام وزراء دوبارہ ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور اروند کجریوال ‘ ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا اور کابینہ وزراء اپنے سابقہ حلقوں سے دوبارہ مقابلہ کرینگے ۔ پارٹی نے 15 ارکان اسمبلی کو ٹکٹ سے محروم کردیا ہے اور پندرہ 24 نئے چہرے پیش کئے ہیں۔ ان میں آتشی ‘ دلیحپ پانڈے اور راگھو چڈھا شامل ہیں جنہوں نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں ناکام مقابلہ کیا تھا ۔ آتشی کالکا جی سے مقابلہ کرینگی جبکہ راگھو چڈھا کو راجیندر نگر سے اور دلیپ پانڈے کو تمار پور سے ٹکٹ دیا گیا ہے ۔ جوموجودہ ارکان اسمبلی ہیں وہ 46 حلقوں سے دوبارہ مقابلہ کرینگے ۔ جن پندرہ ارکان اسمبلی کو ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے ان کی بجائے نئے چہرے مقابلہ کرینگے جبکہ 9 مخلوعہ نشستوں سے بھی نئے چہروں کو موقع دیا گیا ہے ۔ امیدواروں کے اعلان کے فوری بعد اروند کجریوال نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے تمام امیدواروں کو مبارکباد دی ہے اور کہا کہ امیدواروں کو تن آسانی سے کام نہیں لینا چاہئے انہیں بہت زیادہ محنت کرنی چاہئے کیونکہ دہلی کے عوام کو عام آدمی پارٹی اور امیدواروں پر بھروسہ ہے ۔
