شارجہ۔ دہلی کیپیٹلز اور کولکتہ نائیٹ رائیڈرس چہارشنبہ کو منعقد ہونے والے دوسرے کوالیفائر میں آئی پی ایل فائنل میں رسائی کی کوشش کریں گے اور فاتح ٹیم جمعہ کو فائنل میں چینائی سوپرکنگز کا سامنا کرے گی۔دہلی کیپیٹلزکو پہلے کوالیفائر میں چینائی کے خلاف چار وکٹوں سے شکست کاسامنا کرنا پڑا جبکہ کولکتہ نے ایلیمینیٹر میں رائل چیلنجرز بنگلورکو چار وکٹوں سے شکست دی۔ پہلا کوالیفائر ایک بڑا اسکورروالا مقابلہ تھا جبکہ کولکتہ نے آخری اوورمیں دوگیندوں پر ایلیمینیٹر میں138 رنز حاصل کرنے کی جدوجہد کی۔ تاہم ان دونوں میچوں میں ایک مماثلت تھی کہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چینائی اورکولکتہ19.4 اوورز میں جیت گئے ۔اب دوسرے کوالیفائر میں کولکتہ کو دہلی کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا جس نے پہلے کوالیفائر میں جیتنے کا موقع گنوا دیا تھا۔ دہلی کے کپتان رشبھ پنت نے میچ کے بعد اپنی مایوسی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ دوسرے کوالیفائر میںاپنی ٹیم کی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے اور ان سے سیکھنے اور جیتنے کی پوری کوشش کریں گے ۔کولکتہ نے بنگلور کو شکست دینے کے لیے اپنی پوری کوششیں کیں اور ان کی فتح کے ہیروکیریبین آل راؤنڈر سنیل نارائن تھے جنہوں نے بنگلور کو چھوٹے اسکور تک محدود رکھنے کے لیے پہلے صرف21 رنزکے عوض چار وکٹیں حاصل کیں اور پھر لگاتار تین چھکے لگا کر محض 15 گیندوں میں 26 رنز بنائے اور کامیابی کو آسان کردیا ۔نیز دہلی کے خلاف بھی وہ خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔