دہلی اور ممبئی کی آج پلے آف پرنظریں

   

شارجہ ۔ اپنے گزشتہ مقابلے میں شکست کا سامنا کرنے والی دہلی کیپٹلز کی ٹیم ہفتہ کے روز جب دفاعی چمپئن ممبئی انڈینس کے خلاف مقابلے میں اترے گی تو اس کی توجہ روہت شرما کی کپتانی والی ممبئی ٹیم کے خلاف جیت درج کرکے پلے آف میں اپنی جگہ باقاعدہ طور پر یقینی بنانے پر مرکوز ہوگی جبکہ ممبئی کی ٹیم اپنے گزشتہ مقابلے میں جیت سے پرجوش ہوکر پلے آف کی اپنی دعویداری کو مضبوط کرنا چاہے گی۔ دہلی کی ٹیم 11 میچوں میں آٹھ جیت اور 16 پوائنٹس کے ساتھ پلے آف میں اپنی جگہ یقینی کرچکی ہے لیکن باقاعدہ طور پر پلے آف میں جگہ بنانے اور سرفہرست دو ٹیموں میں اپنی جگہ یقینی کرنے کے لئے اسے اپنے باقی تین میچوں میں ایک جیت کی ضرورت ہے ۔ گزشتہ مرتبہ کی فائنلسٹ دہلی اپنے اس مقصد کو ممبئی کے خلاف ہی پورا کرنا چاہے گی تاکہ باقی دو میچوں میں کسی طرح کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے ۔ دوسری جانب ممبئی 11 میچوں میں پانچ جیت اور 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے ۔ پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے ممبئی کو اپنے باقی تین میچ جیتنے کی ضرورت ہے ۔ دہلی کے خلاف شکست سے وہ مشکل میں آسکتی ہے ۔ پانچ بار کی چمپئن ممبئی دہلی کو ہر قیمت پر ہرانا چاہے گی تاکہ وہ پلے آف میں اپنا دعویٰ مضبوط کر سکے ۔