دہلی اور پنجاب حکومت نے نالج شیئرئنگ معاہدے پر دستخط کئے

   

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ سردار بھگونت مان نے منگل کو نالج شیئرنگ معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت دونوں ریاستوں کے لوگ عوام کی بہتری کے لیے ایک دوسرے کے اچھے کام سیکھیں گے ۔ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے کہا کہ آج پنجاب اور دہلی حکومت کے درمیان نالج شیئرنگ ایگریمنٹ پر دستخط ہوئے ۔ ہندوستان کی تاریخ کا یہ ایک بہت ہی منفرد واقعہ ہے کہ حکومتیں ایک دوسرے سے سیکھنے کے لیے معاہدوں پر دستخط کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہوگا کہ آج تک صرف ہماری حکومت نے ہی اچھا کام کیا ہے ۔ 75 سالوں میں اب تک ایسے کئی واقعات ہوئے ہیں۔ جب مختلف ریاستوں کی حکومتوں نے ، مختلف اوقات میں مختلف پارٹیوں کی حکومتوں نے بہت اچھا کام کیا ہے ۔ لیکن میرے خیال میں ایک کمی تھی کہ پورے ملک نے بڑے پیمانے پر ان سے سیکھ کر کام نہیں کیا۔ ہم آپس میں ریاستوں میں بٹے ہوئے تھے ، ہم آپس میں پارٹیوں میں بٹے ہوئے تھے ۔