عام آدمی پارٹی اور مضبوط ہوگئی‘کجریوال کا پارٹی ارکان سے خطاب
نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے عبوری ضمانت ملنے اور تہاڑ جیل سے رہا ہونے کے بعد پہلی مرتبہ اتوار کو اپنی سرکاری رہائش گاہ پر پارٹی کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے مرکز میں برسراقتدار بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دہلی اور پنجاب کی حکومتوں کو گرانے کی اس کی سازش بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ کجریوال نے عآپ ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہلی کی حکومت کو نہیں گرا سکے۔ وہ ہمارے ارکان اسمبلی کو نہیں توڑ سکے۔ وہ پنجاب کی حکومت کو چھوٹی سی ضرب بھی نہیں پہنچا سکے۔ پورا منصوبہ ناکام ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ تہاڑ جیل میں رہتے ہوئے بھی وہ جیل کے اہلکاروں اور محافظوں سے سب سے بارے میں معلومات حاصل کرتے رہتے تھے۔ وہ انہیں تمام ارکان اسمبلی کے بارے میں بتاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی غیر موجودگی میں ارکان اسمبلی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی بیوی سنیتا کجریوال، دہلی کے وزیر سوربھ بھاردواج اور آتشی اور پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان جیل میں ان سے ملنے آتے رہتے تھے۔ وہ ان سے دہلی میں جاری مختلف کاموں کے بارے میں پوچھتے رہتے تھے۔دہلی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میری گرفتاری سے قبل بی جے پی کے ارکان مجھ سے ملتے اور کہتے کہ وہ ہماری پارٹی کو توڑ دیں گے، دہلی کی حکومت کو اکھاڑ پھینکیں اور عآپ کے ارکان اسمبلی اور بھگونت مان کو کسی بھی طرح اپنے ساتھ ملا لیں گے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہوئی، ہماری پارٹی پہلے سے زیادہ مضبوط ہو گئی۔انہوں نے ایم ایل اے سے کہا کہ انہیں 2 جون کو واپس جیل جانا پڑے گا۔ اس دوران ایم ایل ایز کو پارٹی کی دیکھ بھال کرنی ہوگی۔سپریم کورٹ نے دہلی شراب گھوٹالے میں 40 دن کی حراست میں رہنے کے بعد جمعہ کو سی ایم کجریوال کو یکم جون تک ضمانت دے دی۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے جمعہ کو دہلی شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالے میں 40 دن حراست میں لینے کے بعد وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو یکم جون تک ضمانت دے دی تھی۔