عبادت گاہ میں مسلم خواتین کے نماز پڑھنے کے دوران زور زور سے منتر پڑھا
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی کی قائد مادھوی لتا ایک بار پھر تنازعہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کی عبادت گاہ (کمرہ) میں زور زور سے منتر پڑھتے ہوئے ان کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کے مادھوی لتا (پریر ہال) میں بیٹھ کر منتر پڑھ رہی ہیں جبکہ اسی دوران چند مسلم خواتین وہاں نماز ادا کر رہی ہیں۔ بی جے پی کی لیڈی متنازعہ خاتون نے اپنے سوشیل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے دنیا کی بھلائی کیلئے دعا کی اور عبادت گاہوں کے تقدس کا احترام سب کی ذمہ داری ہے ۔ اس واقعہ پر سوشیل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے ۔ کانگریس کے بعض قائدین اور کئی صارفین نے اس عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عبادت کیلئے مخصوص جگہ پر بلند آواز میں منتر پڑھنا قواعد کے خلاف ہے اور اس سے دوسروں کی عبادت میں خلل پڑسکتا ہے ۔ چند لوگوں نے الزام عائد کیا کہ یہ اقدام جان بوجھ کر اشتعال پیدا کرنے کی کوشش ہوسکتی ہے اور اس معاملہ پر محکمہ شہری ہوا بازی سے کارروائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ دوسری جانب چند افراد مادھوی لتا کے حق میں بھی سامنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ (پریر ہال) تمام مذ اہب کے لوگوں کیلئے ہوتا ہے اور کسی بھی مذہب کی عبادت پر پابندی نہیں ہونی چاہئے ۔ واضح رہے کہ مادھوی لتا اس سے قبل بھی مختلف تنازعات میں گھری رہی ہیں ، جن میں 2024 کے عام انتخابات کے دوران ان کے بعض اقدامات پر بھی شدید تنقید کی گئی ۔ یہ معاملہ اب سوشیل میڈیا پر بحث کا اہم موضوع بن چکا ہے اور مختلف حلقوں کی جانب سے اس پر ردعمل جاری ہے۔2
شہر میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مارچ (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں شام کے وقت گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی جس سے عوام کو گرمی سے راحت ملی۔ دن بھر شہر میں مطلع ابر آلود رہا تاہم گرمی محسوس کی جارہی تھی لیکن شام کے وقت ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے خاصی تبدیلی آگئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ (تفصیلی خبر اندرونی صفحہ پر)