دہلی-این سی آر میں موسلادھار بارش، معمولات زندگی متاثر

   

نئی دہلی۔ 9اگست (یو این آئی) قومی راجدھانی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں جمعہ کی تاخیر شب سے ہو رہی موسلادھار بارش سے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے ہیں۔ دہلی، نوئیڈا اور گروگرام کے کئی علاقہ زیر آب آگئے اور سڑکوں پر گھٹنوں تک گہرے پانی کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ دارالحکومت میں شدید بارش کی وجہ سے کئی پروازوں پر بھی اس کا اثر پڑا ہے ۔ بڑی تعداد میں پروازیں تاخیر سے روانہ ہوئیں۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے دہلی-این سی آر میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے ۔ آج دن بھر درمیانی سے شدید اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ جنوبی، مشرقی، مغربی اور وسطی دہلی میں شدید بارش کی وجہ سے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ محکمہ کے مطابق ہفتہ کو کم از کم درجہ حرارت 27 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے اور اس نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند دنوں تک بارش جاری رہے گی۔